سلہٹ ٹیسٹ : لٹن داس کی سنچری ، بنگلہ دیش278 رنزآل آؤٹ
سلہٹ ۔ لٹن داس کی شاندار سنچری کے نتیجے میں بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان کے خلاف سلہٹ میں دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن اپنی پہلی اننگز میں 278 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
ایک موقع پر بنگلہ دیش کی 6 وکٹیں صرف 116 رنز پر گرچکی تھیں لیکن لٹن داس کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے اسے مشکل سے نکالا۔
یہ وہی لٹن داس ہیں جنہوں نے 2021 کے چٹوگرام ٹیسٹ میں 49 رنز پر4 وکٹیں گرنے کے بعد 114 رنز بنائے تھے اور پھر 2024 کے راولپنڈی ٹیسٹ میں اسوقت سنچری بنائی تھی جب ان کی ٹیم صرف 26 رنز پر 6 وکٹیں کھوچکی تھیں۔
ڈھاکہ میں پہلا ٹیسٹ 104 رنز سے ہارنے والی پاکستان ٹیم تین تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔ امام الحق ۔ شاہین شاہ آفریدی اور نعمان علی کی جگہ بابراعظم خرم شہزاد اور ساجد خان کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
بنگلہ دیش نے شادمان اسلام اور عبادت حسین کی جگہ تنزید حسن اور شریف الاسلام کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ تنزید کا یہ پہلا ٹیسٹ ہے۔
شان مسعود نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ دی ۔ میچ کی دوسری ہی گیند پر محمد عباس نے محمود الحسن جوئے کو سلپ میں سلمان آغا کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔
دوسری کامیابی بھی محمد عباس کے حصے میں آئی جب انہوں نے تنزید حسن کو26 رنز پر اپنی ہی گیند پر کیچ کرلیا۔
پہلے سیشن میں گرنے والی تیسری وکٹ مومن الحق کی تھی جنہیں خرم شہزاد نے 22 رنز پر بولڈ کیا۔
دوسرے سیشن میں محمد عباس نے ایک اہم کامیابی کپتان نجم الحسین شانتو کی وکٹ کی صورت میں حاصل کی جو29 رنز پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
دوسری جانب خرم شہزاد نے پہلے مشفق الرحیم کو 23 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر مہدی حسن میراز کو 4 رنز پر حسن علی کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔بنگلہ دیش کی چھٹی وکٹ 116 کے اسکور پر گری۔
مشفق الرحیم 18 رنز پر آف ساجد خان کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ ہوگئے تھے لیکن اپیل پر نہ امپائر نے آؤٹ دیا اور نہ ہی کپتان شان مسعود نے ریویو لیا۔ ری پلے سے پتہ چلا کہ گیند مشفق کے گلوز پر لگی تھی۔
لٹن داس اور تائیج الاسلام کے درمیان 60 رنز کی شراکت ساجد خان نے تائیج الاسلام کو 16 رنز پر بولڈ کرکے ختم کی۔
خرم شہزاد نے اپنی چوتھی وکٹ تسکین احمد کو 7 رنز پر سلمان آغا کے ہاتھوں کیچ کراکر حاصل کی۔
لٹن داس نے جو 33 رنز پر ساجد خان کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ ہونے سے بچے تھے اپنی چھٹی اور پاکستان کے خلاف تیسری ٹیسٹ سنچری اسکور کی ان کی 126 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز میں 2 چھکے اور 16 چوکے شامل تھے۔ انہیں حسن علی کی گیند پر عبداللہ فضل نے کیچ کیا
لٹن داس نے شریف الاسلام کے ساتھ نویں وکٹ کی شراکت میں 64 رنز کا اضافہ کیا۔ حسن علی نے اسی اوور میں آخری بیٹر ناہید رانا کو بھی آؤٹ کردیا۔
پاکستان کی طرف سے خرم شہزاد نے 81 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
محمد عباس نے45 رنز دے کر 3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ وہ ابتک ٹیسٹ کرکٹ میں 109 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جن میں سے 100 وکٹیں پاکستان سے باہر کھیلے گئے ٹیسٹ میچوں میں ہیں ۔ ان سے پہلے پانچ پاکستانی فاسٹ بولرز وسیم اکرم ( 260) وقار یونس ( 211) عمران ِخان ( 199) محمد عامر (119 ) اور عمرگل (111) پاکستان سے باہر سو یا زائد وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
حسن علی کے حصے میں دو اور ساجد خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
پاکستان نے کھیل ختم ہونے پر 6 اوورز کی بیٹنگ میں بغیرکسی نقصان کے 21 رنز بنائے تھے۔ اذان اویس تین چوکوں کی مدد سے 13 اور عبداللہ فضل ایک چوکے کی مدد سے 8 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے۔



Leave a Reply