پاکستان اکتوبر نومبر میں سری لنکا اور انگلینڈ کی میزبانی کرے گا
پاکستان اس سال اکتوبر اور نومبر میں سری لنکا اور انگلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیموں کی بالترتیب دو طرفہ اور سہ فریقی سیریز کی میزبانی کرے گا۔ یہ میچز 9 اکتوبر سے 21 نومبر تک کھیلے جائیں گے۔
سری لنکا کی ٹیم 4 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی اور 9 سے 13 اکتوبر تک راولپنڈی میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز کھیلے گی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد انگلینڈ کی ٹیم پاکستان پہنچے گی جہاں وہ 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں ون ڈے سہ فریقی سیریز میں حصہ لے گی۔
سہ فریقی سیریز کے اختتام پر سری لنکا کی ٹیم 4 سے 6 نومبر تک اسلام آباد میں تین روزہ میچ کھیلے گی اس کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز ہوگی جو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 27-2025 کا حصہ ہوگی۔
پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔
موجودہ 27-2025 آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں یہ پاکستان میں کھیلی جانے والی دوسری ٹیسٹ سیریز ہوگی۔ اس سے قبل گزشتہ سال اکتوبر میں جنوبی افریقہ نے پاکستان میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی تھی۔
آئندہ ون ڈے سہ فریقی سیریز مسلسل دوسرے سال پاکستان میں اس فارمیٹ میں منعقد ہونے والی سہ فریقی سیریز ہوگی۔ گزشتہ سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قبل پاکستان نے فروری میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے ساتھ ون ڈے سہ فریقی سیریز کی میزبانی کی تھی۔
سہ فریقی سیریز کا آغاز 18 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے میچ سے ہوگا۔ میزبان پاکستان 20 اکتوبر کو اسی مقام پر دوسرے میچ میں انگلینڈ کا سامنا کرے گا جبکہ سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں 22 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تیسرے میچ میں مدمقابل ہوں گی۔
اس کے بعد تینوں ٹیمیں لاہور جائیں گی جہاں پاکستان 25 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں سہ فریقی سیریز کے چوتھے ون ڈے میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچواں میچ 27 اکتوبر کو اسی مقام پر ہوگا۔
سری لنکا اور انگلینڈ 29 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کے چھٹے میچ میں آمنے سامنے ہوں گے جبکہ پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست دو ٹیمیں 31 اکتوبر کو اسی مقام پر فائنل کھیلیں گی۔
شیڈول
سری لنکا کا دورۂ پاکستان (ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز )
9 اکتوبر ۔پہلا ٹی ٹوئنٹی ، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی
- 11اکتوبر ۔دوسرا ٹی ٹوئنٹی ، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی
- 13 اکتوبر تیسرا ٹی ٹوئنٹی، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی
- 4 تا6 نومبر ۔ تین روزہ میچ، اسلام آباد
- 9 تا13 نومبر ۔پہلا ٹیسٹ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی
17 تا 21 نومبر۔ دوسرا ٹیسٹ، قذافی اسٹیڈیم، لاہور
ون ڈے سہ فریقی سیریز (انگلینڈ، پاکستان، سری لنکا ) ۔
- 18 اکتوبر ۔ پاکستان بمقابلہ سری لنکا، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم،راولپنڈی
- 20 اکتوبر ۔پاکستان بمقابلہ انگلینڈ، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی
- 22 اکتوبر ۔ سری لنکا بمقابلہ انگلینڈ، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی
- 25 اکتوبر ۔ پاکستان بمقابلہ انگلینڈ، قذافی اسٹیڈیم، لاہور
- 27 اکتوبر ۔پاکستان بمقابلہ سری لنکا، قذافی اسٹیڈیم، لاہور
- 29 اکتوبر ۔ سری لنکا بمقابلہ انگلینڈ، قذافی اسٹیڈیم، لاہور
- 31 اکتوبر ۔ سہ فریقی سیریز فائنل، قذافی اسٹیڈیم، لاہور





Leave a Reply