URDUپی ایس ایل 11 : حیدرآباد کنگزمین نے اسلام آباد یونائٹڈ کو 6 وکٹوں سے ہرادیا

پی ایس ایل 11 : حیدرآباد کنگزمین نے اسلام آباد یونائٹڈ کو 6 وکٹوں سے ہرادیا

کراچی : پاکستان سپر لیگ 11 میں حیدرآباد کنگز مین نے کپتان مارنس لبوشین کی ناقابل شکست نصف سنچری اور آصف محمود کی چار وکٹوں کی عمدہ کارکردگی کے نتیجے میں اسلام آباد یونائٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
یہ کنگز مین کی اس ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی ہے اور اس کے چار پوائنٹس ہوگئے ہیں جبکہ اسلام آباد یونائٹڈ کو دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔اس کے سات پوائنٹس ہیں۔
اتوار کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں حیدرآباد کنگزمین نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائٹڈ کو بیٹنگ دی ۔ اسلام آباد یونائٹڈ ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اتری۔ کپتان شاداب خان کی انجری کے سبب مہران ممتاز کو یونائٹڈ کی طرف سے پہلا میچ کھیلنے کا موقع ملا جبکہ قیادت کی ذمہ داری کرس گرین نے سنبھالی۔ حیدرآباد کنگز مین نے عاکف جاوید کی جگہ آصف محمود کو ٹیم میں شامل کیا۔
آصف محمود نے جن کا یہ پی ایس ایل میں پہلا میچ تھا اپنا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ ستمبر2022 میں سندھ کی طرف سے خیبر کے خلاف کھیلا تھا۔
اسلام آباد یونائٹڈ نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر153 رنز بنائے۔
جواب میں حیدرآباد کنگز مین نے 18 اعشاریہ ایک اوورز میں چار وکٹوں پر ہدف حاصل کرلیا۔
ڈیون کانوے نے اسلام آباد یونائٹڈ کی اننگز جارحانہ انداز سے شروع کی اور محمد علی کے پہلے ہی اوور میں دو چوکوں کے بعد حنین شاہ کے اوور میں چار چوکے مارے ۔ دوسری جانب سمیر منہاس نے بھی صائم ایوب کے ایک اوور میں ایک چوکے اور ایک چھکے سے اپنے ارادے ظاہر کردیے۔ ان دونوں نے 56 کی اوپننگ شراکت قائم کی۔
سمیر منہاس تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رنز بناکر محمد علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
محمد فائق 18 اور ڈیون کانوے 7 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔
اسلام آباد یونائٹڈ کی چوتھی وکٹ 105 کے اسکور پر گری جب حیدرعلی کو 6 رنز پر گلین میکسویل نے معاذ صداقت کے ہاتھوں کیچ کرادیا اس طرح یونائٹڈ کی تین وکٹیں اسکور میں صرف 18 رنز کے اضافے پر گرگئیں۔ فہیم اشرف کو 5 رنز پر محمد علی نے بولڈ کیا۔
اسلام آباد یونائٹڈ کی اننگز کا آخری اوور خاصا ڈرامائی رہا جس میں آصف محمود نے چار وکٹیں حاصل کرڈالیں۔انہوں نے پہلی گیند پر مارک چیپمین کو42 رنز پر عرفان خان کے ہاتھوں کیچ کرایا۔تیسری گیند پر عماد وسیم 2 رنز بناکر حنین شاہ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔اگلی ہی گیند پر مہران ممتاز وکٹ کیپر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔پانچویں گیند پر سلمان ارشاد نے ایک رن لیا لیکن آخری گیند پر آصف محمود نے کپتان کرس گین کو اپنے ہم منصب لبوشین کے ہاتھوں 6 رنز پر کیچ کرادیا۔ اسطرح انہوں نے صرف 18 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں جو ان کی بہترین انفرادی بولنگ ہے۔
معاذ صداقت نے جارحانہ بیٹنگ سے حیدرآباد کنگزمین کی اننگز شروع کی اور عماد وسیم کے پہلے ہی اوور میں دو چھکے اور دو چوکے لگادیے۔دوسری جانب مارنس لبوشین کا انداز بھی ُپراعتماد رہا اور یہ دونوں پہلی وکٹ کی شراکت میں 50 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہے۔معاذ صداقت 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 30 رنز بناکر کرس گرین کی گیند فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
صائم ایوب اس ٹورنامنٹ میں اپنا سب سے بڑا اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے ۔ان کی 2 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے 35 رنز کی اننگز کا خاتمہ فہیم اشرف نے کانوے کے ہاتھوں کیچ کراکر کیا۔ اسی اوور میں فہیم اشرف اور کانوے کے اشتراک نے عثمان خان کو بھی ایک رن پر واپسی کی راہ دکھائی۔
فہیم اشرف نے عثمان کو آؤٹ کرکے پی ایس ایل میں اپنی سو وکٹیں بھی مکمل کرلیں۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے پانچویں بولر ہیں۔ ان کے علاوہ حسن علی۔ شاہین آفریدی۔ وہاب ریاض اور شاداب خان سو یا زائد وکٹیں حاصل کرچکےہیں۔
فہیم اشرف اسوقت دوبارہ ایکشن میں نظر آئے جب انہوں نے کرس گرین کی گیند پر کوسال پریرا کا 2 رنز پر کیچ کرلیا۔ اس طرح حیدرآباد کنگزمین نے اپنی چوتھی وکٹ 115رنز پر گنوادی۔
کپتان مارنس لبوشین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ سے نہ صرف ایک اینڈ سنبھالے رکھا بلکہ وہ اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرنے میں بھی کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے 6چوکوں کی مدد سے61 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے یہ اس ٹورنامنٹ میں ان کی پہلی نصف سنچری ہے۔
انہوں نے گلین میکسویل کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں42 رنز کا اضافہ بھی کیا میکسویل ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 21 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پلیئر آف دی میچ ایوارڈ مارنس لبوشین نے حاصل کیا۔
پیر کے روز ہونے والے میچ میں پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست ٹیم پشاور زلمی اور دوسرے نمبر کی ٹیم ملتان سلطانز مدمقابل ہونگی۔

The author

Lorem ipsum dolor sit amet, conse ctetuer adipiscing elit, sed diam nonum nibhie. Aenean sollici tudin, lorem auci elit consequat ipsutis sem niuis sed odio sit amet nibh vulputate cursus.

GET IN TOUCH WITH US

At Grassroots Cricket, we give paramount importance to feedback from our viewers. We value your opinions, and in case of suggestions or business inquiries, feel free to get in touch with us.