پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ ٹائٹل سے محروم ، بھارت آخری گیند پر ایک وکٹ سے فاتح
دفاعی چیمپئن پاکستان انڈر 19 کو ایشیا کپ انڈر 19 کے فائنل میں بھارت انڈر نے ڈرامائی انداز میں آخری گیند پر ایک وکٹ سے شکست دے دی ۔
بھارت کی آٹھ وکٹیں 252 رنز پر گرچکی تھیں اس موقع پر منال چوہان ۔موہت اولوا اور چیگورو پاٹی وینکٹا کی بیٹنگ نے اپنی ٹیم کو یادگار جیت سے ہمکنارکردیا۔
بھارت انڈر19 نے 9 ویں مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال پاکستان نے فائنل میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دی تھی۔
فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 50 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے جو اس ٹورنامنٹ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور تھا جسے بھارت نے اپنی اننگز میں339 رنز بناکر بہتر بنادیا۔
پاکستان کی اننگز میں عثمان خان نے 111 گیندوں پر 11 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 107 رنز کی اننگز کھیلی۔یہ اس ٹورنامنٹ میں ان کی دوسری سنچری ہے اس سے قبل انہوں نے متحدہ عرب امارات کے خلاف 139 رنز بنائے تھے اور آؤٹ نہیں ہوئے تھے۔انہوں نے اسی سال انگلینڈ انڈر 19 کے خلاف بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 151 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
انہوں نے حیام خان ( 21 ) کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 62 رنز کا اضافہ کیا جبکہ عبدالقادر کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 135 رنز بنائے۔
عبدالقادر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 80 رنز اسکور کیے جس میں 3 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔
کپتان فرحان یوسف نے 60 گیندوں پر 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 63 رنز کی اننگز کھیلی۔انہوں نے احمد حسین کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 59 رنز کا اضافہ کیا۔
احمد حسین 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔حمزہ ظہور 10 اور حسنین عباس ڈار 2 رنز بناسکے۔
پاکستان ٹیم 299 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر اچھی پوزیشن میں تھی لیکن پھر صرف 37 رنز کے اضافے پر اس کی 6 وکٹیں گرگئیں۔
بھارت کی طرف سے کاویا پاریش پٹیل نے 68 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ چیگورو پاٹی وینکٹا نے 3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔
اوپنرز آریاویر سہواگ اور کپتان لکشیا رائے چندانی نے بھارت کو 17.4 اوورز میں 95 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ سہواگ 9 چوکوں کی مدد سے 58 رنزبناکر نقاب شفیق کی گیند پر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
رائے چندانی اور وی کے وینیتھ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 51 رنز بنائے۔
وینیتھ 24 رنز بناکر رضوان اللہ کی گیند پر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
رضوان اللہ نے ارجن راجپوت کو 16 رنز پر حمزہ ظہور کے ہاتھوں کرایا اور دوسری جانب حسنین عباس ڈار یاشبردھن چوہان کو 9 رنز پر عثمان خان کے کیچ کی مدد سے پویلین واپس بھیجنے میں کامیاب ہوگئے۔
بھارت کے لیے سب سے بڑا دھچکہ لگاتار گیندوں پر رائے چندانی اور انوے ڈراوڈ کا آؤٹ ہونا تھا ۔رائے چندانی کو علی رضا نے حسنین عباس ڈار کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔ انہوں نے 5 چوکوں کی مدد سے 80 رنز اسکور کیے۔ اگلی ہی گیند پر ڈراوڈ 19 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔
بھارت کو آخری 10 اوورز میں جیت کے لیے 90 رنز درکار تھے اس موقع پر مزید دو وکٹیں حاصل کرکے پاکستان ٹیم جیت کے قریب ہوگئی تھی۔آریان ساوسانی کو 9 رنز پر رضوان اللہ نے آؤٹ کرکے اپنی تیسری کامیابی حاصل کی اور کاویا پٹیل کو صفر پر محمد صیام نے آؤٹ کردیا۔
اس موقع پرمنال چوہان اور موہت اولوا کی 57 رنز کی 9 ویں وکٹ کی شراکت شراکت پاکستان کے لیے خطرہ بنتی دکھائی دی۔منال چوہان تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 47 رنز بناکر نقاب شفیق کی گیند پر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔یہ عثمان خان کا چوتھا کیچ تھا۔
اننگز کا 49 واں اوور بھارت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوا۔ محمد صیام کے اس اوور میں سترہ رنز بن گئے۔
بھارت کو آخری اوورمیں جیت کے لیے 8 رنز درکار تھے۔
موہت اولوا نے لیگ اسپنر احمد حسین کو آخری گیند پر چوکا لگاکر بھارت کو چیمپئن بنوادیا۔ اولوا نے 3چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 49 رنز بنائے ۔
وینکٹا 11 رنز بناکر ان کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔دونوں کی آخری وکٹ کی میچ وننگ شراکت میں 30 رنز بنے۔
رضوان اللہ نے 53 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔



Leave a Reply