URDUپی ایس ایل 11 : کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 6 وکٹوں سے ہرادیا

پی ایس ایل 11 : کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 6 وکٹوں سے ہرادیا

کراچی : دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو ایک اور مایوس کن کارکردگی کے سبب پی ایس ایل 11 میں چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جمعہ کی شب اسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 6 وکٹوں سے ہرادیا۔
اس جیت کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 7 میچوں میں 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئی ہے ۔ لاہور قلندرز کے 6 میچوں میں صرف 4 پوائنٹس ہیں۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور وہ 19 اعشاریہ 5 اوورز میں 134رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 16 اعشاریہ 2 اوورز میں چار وکٹوں پر ہدف حاصل کرلیا۔
لاہور قلندرز نے پاور پلے میں دو ڈراپ کیچز کے باوجود 3 وکٹیں 42 رنز پر گنوادیں۔ فخرزمان نے چار چوکوں کے ذریعے اچھا آغاز کیا تھا لیکن الزاری جوزف نے انہیں20 رنز پر بولڈ کردیا اور پھرچارتھ اسالنکا کو بھی 6 رنز پر آؤٹ کردیا ۔ اس سے قبل جہانداد خان محمد نعیم کو 4 رنز پر بولڈ کرچکے تھے۔
پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے محمد فاروق صرف 2 رنز بناکر ثاقب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔ ثاقب خان کا بھی پی ایس ایل میں یہ پہلا میچ تھا۔
عبداللہ شفیق کی مایوس کن کارکردگی ختم نہ ہوسکی او وہ 17 رنز بناکر عثمان طارق کی گیند پر چندی مل کے ہاتھوں اسٹمپڈ ہوگئے۔ عثمان طارق نے شاہین آفریدی کو صفر اور سکندر رضا کو 15 رنز پر آؤٹ کرکے لاہور قلندرز کو بڑا دھچکہ پہنچایا۔
حسیب اللہ چار چوکوں کی مدد سے 33 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے لیکن یہ
اسامہ میر تھے جنہوں نے 3چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سےصرف 7 گیندوں پر 22 رنز کی مختصر لیکن کارآمد اننگز کھیل کر قلندرز کا اسکور آگے بڑھایا جو ایک موقع پر109 رنز پر 8 وکٹوں سے محروم ہوچکی تھی ۔ڈینئل سامز دو چوکوں کی مدد سے 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
عثمان طارق نے صرف 18 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں جو اس ٹورنامنٹ میں ان کی بہترین بولنگ ہے۔ جہانداد خان نے بھی 3 وکٹیں35 رنز کے عوض حاصل کیں۔
شاہین آفریدی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز میں پہلے ہی اوور میں وکٹ لینے کی اپنی عادت کے مطابق شامل حسین کو صفر پر سکندر رضا کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔پہلے دو میچوں میں نصف سنچریوں کے بعد شامل حسین کا بیٹ خاموش ہے۔
کپتان سعود شکیل صرف ایک رن بناکر رن آؤٹ ہوگئے جس کے بعد حسن نواز اور رائلی روسو نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 104 رنز کا اضافہ کرکے گلیڈی ایٹرز کو جیت کے قریب کردیا۔
حسن نواز 6 چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 49 رنز بناکر سکندر رضا کی گیند پرحسیب اللہ کے ہاتھوں اسٹمپڈ ہوگئے ۔
دنیش چندی مل 3 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ اس وقت گلیڈی ایٹرز جیت سے 13 رنز دور تھی۔
رائلی روسو نے2 چھکوں اور 5چوکوں کی مدد سے 60 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی۔ یہ ان کی اس پی ایس ایل میں پہلی نصف سنچری ہے۔
بیون جیکبس نے 2 چھکوں کی مدد سے 14 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے ۔
پلیئر آف دی میچ ایوارڈ عثمان طارق نے حاصل کیا۔
ہفتے کے روز لاہور قلندرز کا مقابلہ راولپنڈیز سے ہوگا۔

The author

Lorem ipsum dolor sit amet, conse ctetuer adipiscing elit, sed diam nonum nibhie. Aenean sollici tudin, lorem auci elit consequat ipsutis sem niuis sed odio sit amet nibh vulputate cursus.

GET IN TOUCH WITH US

At Grassroots Cricket, we give paramount importance to feedback from our viewers. We value your opinions, and in case of suggestions or business inquiries, feel free to get in touch with us.