غنی گلاس کی ایم آئی ٹی کے خلاف اننگز اور 140 رنز سے کامیابی ، بابراعظم دوسری اننگز میں بھی 21 رنز پر آؤٹ
پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے چوتھے راؤنڈ کے دوسرے دن غنی گلاس نے ایم آئی ٹی سلیوشنز کو اننگز اور 140 رنز سے ہرادیا۔
انفرادی کارکردگی میں محسن ریاض نے سنچری اسکور کی۔ محمد اسمعیل نے چھ جبکہ آفتاب احمد اور آفاق آفریدی نے پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ بابراعظم ایک بار پھر 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
ایبٹ آباد اسٹیڈیم ایبٹ آباد میں غنی گلاس کی ٹیم ایم آئی ٹی سلیوشنز کے 150 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں 416 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
محسن ریاض نے 2 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 124 رنز اسکور کیے۔ یہ ان کی اس ٹورنامنٹ میں دوسری سنچری ہے۔
شاداب خان نے 68 خرم شہزاد نے 52 اورعلی رزاق نے بھی 52 رنز بنائے۔
محمد اسمعیل نے 136 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔
ایم آئی ٹی کی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 126 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
علی شبیر نے 23 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔ طاہر بیگ اور خرم شہزاد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں اسطرح خرم شہزاد نے میچ میں 8 وکٹیں حاصل کی اور 52 رنز کی اننگز بھی کھیلی۔
ڈائمنڈ کرکٹ کلب اسلام آباد میں اسٹیٹ بینک کو اوجی ڈی سی ایل کے خلاف جیتنے کے لیے 124 رنز کا ہدف ملا ہے۔
اس سے قبل اسٹیٹ بینک کی ٹیم اوجی ڈی سی ایل کے 196 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں 215 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی ۔حسن رضا نے 58رنز بنائے۔ آفتاب احمدنے 68 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
اوجی ڈی سی ایل دوسری اننگز میں 142 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔عامر خان نے42 رنز بنائے۔
بابراعظم پہلی اننگز کی طرح اس اننگز میں بھی 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔انہیں سراج الدین کی گیند پر عرفان نے کیچ کیا۔ بابراعظم نے پچھلے میچ میں 12 اور 4 رنز اسکور کیے تھے۔
آفاق آفریدی نے 44 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں ۔سراج الدین نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
عمران خان اسٹیڈیم پشاور میں ایس این جی پی ایل کی ٹیم پی ٹی وی کے خلاف پہلی اننگز میں 347 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
اذان اویس 19چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 167 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔عمیر بن یوسف اپنے گزشتہ روز کے اسکور 82 میں اضافہ کیے بغیر آؤٹ ہوگئے۔
محمد شہزاد نے 53رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
پی ٹی وی کی ٹیم پہلی اننگز میں 153رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔علی عثمان نے35 رنز اسکور کیے۔
عبدالسبحان اور اطہر محمود نے بالترتیب 31 اور41 رنز دے کر چار چار وکٹیں حاصل کیں۔
نیشنل کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں کنگزمین اکیڈمی نے کے آر ایل کے خلاف اپنی پہلی اننگز 643 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔
محمد سلیمان 2 چھکوں اور 12چوکوں کی مدد سے 182 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
سلمان علی آغا نے 3چھکوں اور 13چوکوں کی مدد سے 145 رنز کی اننگز کھیلی ۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 247 رنز کا اضافہ کیا۔
عثمان طارق نے 153 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
کے آر ایل نے کھیل ختم ہونے پر 2 وکٹوں پر 175 رنز بنائے تھے۔محمد فائق 76 اور افتخار احمد 45 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔



Leave a Reply