بابراعظم پر قسمت پھر مہربان ، دورۂ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے لیے کپتان مقرر
لاہور ۔ پاکستان کی کرکٹ میں موجود کپتانی کے روایتی میوزیکل چیئرگیم نے ایک بار پھر اپنا رنگ دکھایا ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابراعظم کو ایک مرتبہ پھر پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپ دی ہے۔
بابراعظم کو ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دورے کے لیے کپتان بنانے کا یہ اعلان اتوار کے روز پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کے ارکان عاقب جاوید۔مصباح الحق اور اسد شفیق نے پریس کانفرنس میں کیا اس کے ساتھ ہی اس دورے کے لیے 16 رکنی ٹیم کا اعلان بھی کردیا گیا۔
یاد رہے کہ دورۂ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے لیے کپتان کے نام کے سلسلے میں پچھلے کئی ہفتوں سے قیاس آرائیاں جاری تھیں ۔ کبھی یہ سننے میں آرہا تھا کہ شان مسعود پر بورڈ کا اعتماد برقرار رہے گا اور کبھی نئے کپتان کے طور پر سلمان آغا کا نام لیا جارہا تھا تاہم بابراعظم کا نام اچانک سامنے آیا جب یہ اطلاعات گردش کرنے لگیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے تھنک ٹینک نے کپتان کے طور پر بابراعظم کا نام تجویز کردیا ہے اور اس بارے میں حتمی فیصلہ پی سی بی کے چیرمین محسن نقوی کریں گے۔
بابراعظم تیسری مرتبہ کپتان ۔
بابراعظم اس سے قبل دو مرتبہ کپتان رہ چکے ہیں۔ وہ پہلی مرتبہ 2019 میں ٹی ٹوئنٹی کپتان اور 2020میں ون ڈے کپتان بنے تھے جس کے بعد 2021 میں انہیں ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی بھی سونپ دی گئی تھی۔
بابراعظم نے 2023 کے عالمی کپ کے بعد کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔اسوقت پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی جاری رکھنے کی آفر کی تھی لیکن وہ نہیں مانے تھے جس کے بعد شاہین آفریدی ٹی ٹوئنٹی اور شان مسعود ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بنادیےگئے تھے۔ بابراعظم کو مارچ 2024 میں دوبارہ وائٹ بال کپتان بنادیا گیا تھا لیکن اکتوبر 2024 میں انہوں نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد کپتانی سے الگ ہونے کا اعلان کردیا تھا۔
شان مسعود کی کپتانی ختم ، ٹیم میں شامل ۔
شان مسعود کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ اس لیے غیرمتوقع نہیں کیونکہ بنگلہ دیش کے دورے میں دونوں ٹیسٹ میچز ہارنے کے بعد سے ہی یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں کہ شان مسعود اب کپتان کے عہدے پر مزید برقرار نہیں رہ سکیں گے ۔بحیثیت کپتان انہیں 16 ٹیسٹ میچوں میں سے 12 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور صرف 4 ٹیسٹ میچز جیتنے میں وہ کامیاب ہوسکے۔
ان کی کپتانی میں پاکستان نے صرف ایک ہوم سیریز انگلینڈ کے خلاف جیتی۔دو برابر رہیں جبکہ چار میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔
پاکستان کرکٹ ٹیم گزشتہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آخری یعنی 9 ویں نمبر پر رہی تھی اور اسوقت جاری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھی وہ آخری 9 ویں نمبر پر ہے اور اس کے صرف 4 پوائنٹس ہیں ۔
پاکستان ٹیم میں کون کون شامل ؟۔
ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دورے کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کو فٹنس اور کارکردگی کی بنیاد شامل نہیں کیا گیا ہے تاہم عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ وہ فٹ ہوجانے کے بعد انگلینڈ کے دورے کے لیے دستیاب ہونگے۔
سعود شکیل 2024 میں انگلینڈ کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں سنچری کے بعد سے 16 اننگز میں صرف تین نصف سنچریاں ( 84 ۔84 اور 66 ) اسکور کرنے میں کامیاب ہوسکے ہیں۔
شان مسعود کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم میں شامل ہیں۔
ٹیم میں تین نئے چہرے اویس ظفر، عبید شاہ اور علی عثمان شامل ہیں۔
26 سالہ اویس ظفر نے گزشتہ فرسٹ کلاس سیزن میں 2 سنچریوں اور5 نصف سنچریوں کی مدد سے 911 رنز بنائے ہیں۔اس سے پچھلے دو سیزنوں میں انہوں نے854 اور 513 رنز اسکور کیے تھے۔
20سالہ فاسٹ بولر عبید شاہ 16 فرسٹ کلاس میچوں میں72 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔اس سال انہوں نے پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی طرف سے 8 میچوں میں 8 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
33سالہ لیفٹ آرم اسپنر علی عثمان نے اس سال فرسٹ کلاس سیزن میں ملتان اور پی ٹی وی کی طرف سے کھیلتے ہوئے73 وکٹیں حاصل کی ہیں جس کی وجہ سے انہیں نعمان علی اور آصف آفریدی پر فوقیت دی گئی ہے۔
ٹیم میں فاسٹ بولر محمد علی اور آل راؤنڈر عامر جمال کی واپسی ہوئی ہے۔
4 ٹیسٹ میں 6 وکٹیں حاصل کرنے والے محمد علی نے آخری ٹیسٹ 2024میں بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی میں کھیلا تھا۔
8 ٹیسٹ میں 21 وکٹیں لینے کے علاوہ 2 نصف سنچریاں بنانے والے عامر جمال کا آخری ٹیسٹ گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن میں تھا۔
ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ بابراعظم ( کپتان ) ۔ امام الحق ۔ شان مسعود۔ اذان اویس ۔ عبداللہ فضل ۔سلمان علی آغا۔ محمد رضوان۔ غازی غوری ۔اویس ظفر عامرجمال۔ خرم شہزاد۔ محمد عباس۔ عبید شاہ۔ علی عثمان ۔محمد علی اور ساجد خان ۔
پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز کے دورے میں دو ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔ پہلا ٹیسٹ تاروبا میں 25 سے 29 جولائی تک اور دوسرا ٹیسٹ پورٹ آف اسپین میں 2 سے 6 اگست تک کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ میں پاکستان ٹیم تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔پہلا ٹیسٹ 19 سے 23 اگست تک ہیڈنگلے میں۔ دوسرا ٹیسٹ 27 سے31 اگست تک لارڈز میں اور تیسرا ٹیسٹ 9 سے 13 ستمبر تک ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا۔




Leave a Reply