پاکستان سپر لیگ : راولپنڈیز اورکراچی کنگز کی کامیابی
کراچی ۔ راولپنڈیز نے بالآخر پاکستان سپر لیگ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔ جمعرات کوکھیلے گئے میچ میں اس نے اسلام آباد یونائٹڈ کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔
راولپنڈیز کے 9 میچوں کے بعد 2 پوائنٹس ہیں جبکہ اسلام آباد کے 8 میچوں کے بعد 9 پوائنٹس ہیں۔
دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے خوشدل شاہ کی جارحانہ بیٹنگ کے نتیجے میں لاہور قلندر کو5 وکٹوں سے ہرادیا۔
کراچی کنگز کے9 میچوں میں 8 پوائنٹس ہوگئے ہیں۔ لاہور قلندرز کے 8 میچوں میں 8 پوائنٹس ہیں۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں راولپنڈیز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائٹڈ کو بیٹنگ دی جو 20 اوورز میں 137رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
راولپنڈیز نے 18 اعشاریہ ایک اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
اسلام آباد یونائٹڈ کی اسکور شیٹ میں تینوں غیرملکی کھلاڑی نمایاں رہے۔ ڈیون کانوے نے 2چھکوں اور 3چوکوں کی مدد سے40 رنز بنائے۔کرس گرین نے 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 29 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ مارک چیپمین ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 23 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
اپنا 100 واں پی ایس ایل میچ کھیلنے والے کپتان شاداب خان ایک ، سمیر منہاس 6 حیدر علی 6 اور محمد فائق 5 رنز بناسکے۔
فہیم اشرف نے11 رنز کی اننگز کے دوران پی ایس ایل میں اپنے ایک ہزار رنز مکمل کیے وہ پہلے ہی پی ایس ایل میں 100 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔اس طرح وہ شاداب خان کے بعد پی ایس ایل میں ڈبل مکمل کرنے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔
محمد عامر ۔ فوریسٹر اور سعد مسعود نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
راولپنڈیز کی اننگز میں کپتان محمد رضوان نے 38 گیندوں پر 45 رنز اسکور کیے جس میں ایک چھکا اور پانچ چوکے شامل تھے۔کامران غلام نے بھی ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے۔ان دونوں نے عبداللہ فضل کے صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد دوسری وکٹ کی شراکت میں 78 رنز کا اضافہ کیا۔
ڈیرل مچل اور فوریسٹر بالترتیب 32 اور13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
محمد رضوان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر199 رنز بنائے۔
کراچی کنگز نے جواب میں 18 اعشاریہ 4 اوورز میں پانچ وکٹوں پر ہدف حاصل کرکے شاندار کامیابی حاصل کرلی۔
لاہور قلندرز کی اننگز میں فخرزمان اور عبداللہ شفیق نمایاں رہے۔ فخر نے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 61 رنز اسکور کیے۔یہ اس ٹورنامنٹ میں ان کی تیسری نصف سنچری ہے۔ ایک سنچری اس کے علاوہ ہے۔
انہوں نے پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے 17 سالہ فاسٹ بولر رضوان اللہ کے ایک اوور میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔حسن علی اور معین علی بھی فخرزمان کے رڈار میں رہے۔
انہیں ایک چانس بھی ملا جب 43 کے اسکور پر زاہد محمود کی گیند پر جیسن روئے نے ان کا آسان کیچ ڈراپ کردیا۔
جیسن روئے نے حسن علی کی گیند پر ڈینئل سامز کا کیچ بھی ڈراپ کیا۔
عبداللہ شفیق نے تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے62 رنز اسکور کیے اور فخر کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 110 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔
ڈینئل سامز 20 سکندر رضا 18 رنز ناٹ آؤٹ اور شاہین آفریدی 10 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
معین علی26 رنز کے عوض 2 وکٹوں کے ساتھ کامیاب بولر رہے۔
حسن علی اپنے 100 ویں پی ایس ایل میچ میں اگرچہ کوئی وکٹ لینے میں کامیاب نہیں ہوسکے تاہم وہ مجموعی وکٹوں کے معاملے میں شاہین آفریدی سے آگے ہیں۔ حسن علی کی 137 وکٹیں ہیں جبکہ شاہین آفریدی کی وکٹوں کے 136 تعداد ہے۔
کراچی کنگز کی اننگز کے دوسرے ہی اوور میں عبید شاہ لگاتار دو چوکے لگنے کے بعد جیسن روئے کی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
عبید شاہ نے ایک اور اہم وکٹ ریزا ہینڈرکس کو10 رنز پر آؤٹ کرکے حاصل کی لیکن اسی اوور میں حسیب اللہ نے سلمان آغا کا صفر پر کیچ ڈراپ کردیا تاہم وہ اس موقع سے فائدہ نہ اٹھاسکے اور صرف 14 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
ڈیوڈ وارنرجارحانہ موڈ میں نظر آئے انہوں نے شاہین آفریدی کے ایک اوور میں تین چوکے لگائے ۔ انہوں نے ایک اینڈ سنبھالتے ہوئے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 63 رنز اسکور کرکے ناٹ آؤٹ رہے جس میں ایک چھکا اور 9 چوکے شامل تھے۔
یہ ان کی پی ایس ایل میں مجموعی طور پر پانچویں اور اس ٹورنامنٹ میں دوسری نصف سنچری ہے۔
معین علی نے بھی جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 39 رنز اسکور کیے اور اپنے کپتان کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 58 رنز کا اضافہ کیا۔
ان کی وکٹ عبید شاہ نے حاصل کی لیکن اسی اوور میں ایک بار پھر وہ اس لحاظ سے بدقسمت رہے کہ اعظم خان کا صفر پر کیچ ڈینئل سامز نے ڈراپ کردیا۔
اعظم خان 14رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس میں ایک چوکا اور ایک چھکا شامل تھا۔
کراچی کنگز کی جیت کو یقینی بنانے والے خوشدل شاہ تھے جنہوں نے صرف 14 گیندوں پر5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 44 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیل کر بازی پلٹ دی۔
انہوں نے شاہین آفریدی کے آخری اوور میں 23 رنز بنائے جس میں تین چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ انہوں نے حارث رؤف کے اگلے ہی اوور میں دو چھکوں کے ساتھ جیت پر مہر تصدیق ثبت کردی۔
شاہین آفریدی نے اپنے چار اوورز میں کسی وکٹ کے بغیر51 رنز دے ڈالے۔
حارث رؤف تین اعشاریہ چار اوورز میں 36 رنز دینے کے ذمہ دار تھے ۔
سب سے کامیاب بولر عبید شاہ رہے جنہوں نے 41 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
خوشدل شاہ اپنی میچ وننگ اننگز پر پلیئر آف دی میچ ایوارڈ کے حقدار ٹھہرے۔
جمعہ کو اسلام آباد یونائٹڈ کا مقابلہ حیدرآباد کنگزمین سے کراچی میں ہوگا۔



Leave a Reply