URDUپی ایس ایل 11 : لاہور قلندرز نے راولپنڈیز کو 32 رنز سے ہرادیا

پی ایس ایل 11 : لاہور قلندرز نے راولپنڈیز کو 32 رنز سے ہرادیا

کراچی ۔ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے راولپنڈیز کو 32 رنز سے شکست دے دی۔
اس جیت کے بعد لاہور قلندرز کے7 میچوں میں 6 پوائنٹس ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ راولپنڈیز کی ٹیم پہلے ہی پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے اور یہ اس کی مسلسل ساتویں شکست ہے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 210 رنز بنائے جو اس پی ایس ایل میں اس کا سب سے بڑا اسکور ہے اس سےقبل اس نے حیدرآباد کنگز مین کے خلاف 6وکٹوں پر 199 رنز بنائے تھے۔
جواب میں راولپنڈیز 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر178 رنز بناسکی۔
تجربہ کار فخرزمان اور پی ایس ایل میں اپنا دوسرا میچ کھیلنے والے 22 سالہ محمد فاروق نے اپنی ٹیم کو 121 رنز کا زبردست آغاز فراہم کردیا جو لاہور قلندرز کی پہلی وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت ہے۔اس سے پہلے یہ ریکارڈ 108 رنز کا تھا جو کرس گیل اور اظہرعلی کا قائم کردہ تھا۔
محمد فاروق جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے5 چوکوں اور 5چھکوں کی مدد سے63 رنز بناکر محمد عامر کی گیند پر فوریسٹر کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔یہ ٹی ٹوئنٹی میں ان کی دوسری نصف سنچری ہے۔
فخرزمان 84 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر محمد عامر کی گیند پر فوریسٹر کے ہاتھوں کیچ ہوگئے اس اننگز میں ایک چھکا اور 11 چوکے شامل تھے۔یہ پی ایس ایل میں ان کی مجموعی طور پر 25 ویں نصف سنچری ہے۔
عبداللہ شفیق ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 26 رنز کی اننگز کھیل کر رضاء اللہ کی گیند پر سعد مسعود کے ہاتھوں کیچ ہوئے جنہوں نے اگلی ہی گیند پر سکندر رضا کو وکٹ کیپر سام بلنگز کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔
فخر زمان اور عبداللہ شفیق کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں 70 رنز بنے۔ آصف علی کے آخری دو گیندوں پر دو زبردست چھکوں نے اسکور کو دو سو سے آگے پہنچادیا ۔
لاہور قلندرز کی اننگز میں چوتھا بڑا اسکور 22 ایکسٹرا کا رہا۔
محمد عامر اور رضاء اللہ دو دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
راولپنڈیز کے تیسرے اوور میں شاہین آفریدی نے شاہ زیب خان کو 7 رنز پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔
کپتان محمد رضوان اپنے 100 ویں پی ایس ایل میچ کو یادگار نہ بناسکے اور ایک اور مایوس کن اننگز کا اضافہ کرکے 9 رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
شاہین آفریدی کی پی ایس ایل میں وکٹوں کی مجموعی تعداد 135ہوگئی ہے اسطرح وہ حسن علی کے ساتھ مشترکہ طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں۔
حارث رؤف نے پہلے ڈیرل مچل کو11 رنز پر اسامہ میر کے ہاتھوں کیچ کرایا اور پھر اسی اوور میں یاسر خان کی اہم وکٹ بھی فخرزمان کے کیچ کی مدد سے حاصل کرڈالی جنہوں نے 3چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 58رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
سام بلنگز صرف 7 رنز بناکر سکندر رضا کی گیند پر حسیب اللہ کے ہاتھوں اسٹمپڈ ہوئے تو راولپنڈیز کا اسکور 5 وکٹوں پر صرف 100 رنز تھا۔
10 رنز کے اضافے پر چھٹی وکٹ بھی گرگئی جب اسامہ میر نے فوریسٹر کو 8 رنز پر بولڈ کردیا۔ یہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ان کی 200 ویں وکٹ تھی ۔اسامہ میر نے اپنی دوسری وکٹ کول کانکی کو 3 رنز پر ایل بی ڈبلیو کرکے حاصل کی۔ ڈینئل سامز نے بھی اپنا کھاتہ کھولا اور رضاء اللہ کی وکٹ حاصل کی لیکن وہ سعد مسعود سے خود کو نہ بچاسکے جن کے ایک اوور میں انہوں نے چار چوکے لگائے۔
سعد مسعود جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 26گیندوں پر ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 54 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
حارث رؤف نے 43 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین آفریدی اور اسامہ میر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
پلیئر آف دی میچ ایوارڈ فخرزمان نے حاصل کیا۔
اتوار کو دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔

The author

Lorem ipsum dolor sit amet, conse ctetuer adipiscing elit, sed diam nonum nibhie. Aenean sollici tudin, lorem auci elit consequat ipsutis sem niuis sed odio sit amet nibh vulputate cursus.

GET IN TOUCH WITH US

At Grassroots Cricket, we give paramount importance to feedback from our viewers. We value your opinions, and in case of suggestions or business inquiries, feel free to get in touch with us.