بال ٹمپرنگ : فخرزمان کو معطلی کا سامنا
لاہور: لاہور قلندرز کے کھلاڑی فخر زمان کو اتوار کے روز کراچی کنگز کے خلاف میچ کے دوران گیند کی حالت بدلنے کے الزام میں پاکستان سپر لیگ کے دو میچز کی معطلی کا سامنا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اتوار کی شب جاری کردہ بیان میں تصدیق کی کہ فخر کو آن فیلڈ امپائرز فیصل آفریدی اور شرف الدولہ نے پاکستان سپر لیگ کے پلئیرز اور سپورٹ پرسنل کے کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.14 میں آرٹیکل 41.3 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا ہے جو لیول تھری ہے، جو گیند کی حالت بدلنے کے کسی بھی عمل کو جرم قرار دیتا ہے۔
فخر زمان نے میچ ریفری روشن مہناما کی زیر صدارت ڈسپلنری سماعت کے دوران اپنے اوپر عائد کردہ الزام سے انکار کیا۔ اگلی سماعت 48 گھنٹوں کے اندر ہونے والی ہے جس میں وڈیو شواہد استعمال کیے جانے کی توقع ہے جس کے بعد میچ ریفری اپنا فیصلہ سنائیں گے۔
اگر فخرزمان پر الزام ثابت ہوگیا تو ان کے پاس پی ایس ایل ٹیکنیکل کمیٹی سے اپیل کرنے کے لیے 48 گھنٹے ہوں گے ۔ کمیٹی کے پاس اپیل سننے کے لیے 48 گھنٹے ہونگے۔ لیول 3 کی خلاف ورزی میں پہلی خلاف ورزی پر کم از کم ایک اور زیادہ سے زیادہ دو میچوں کی معطلی شامل ہے۔
ٹیلی ویژن ری پلے میں دکھایا گیا کہ کراچی کنگز کی اننگز کے 19ویں اوور کے آخر میں کپتان شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی موجودگی میں گیند فخرزمان کے ہاتھ میں تھی۔ امپائر فیصل آفریدی نے اس موقع پر مداخلت کی اور شرف الدولہ کے ساتھ گیند کی حالت چیک کی، پھر اسے تبدیل کیا اور پانچ پنالٹی رنز کا اشارہ کردیا۔
کراچی کنگز، جسے اس واقعے سے پہلے 14 رنز درکار تھے، آخری اوور کی دوسری اور تیسری گیندوں پر اپنا ہدف حاصل کرلیا جب عباس آفریدی نے حارث رؤف کو ایک چوکا اور ایک چھکا مارا۔
ایک اور واقعے میں کراچی کنگز کے حسن علی کو 19ویں اوور میں لاہور قلندرز کی اننگز میں حسیب اللہ کو آؤٹ کرنے کے بعد نامناسب زبان استعمال کرنے پر ان کی میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے۔



Leave a Reply