انگلینڈ اور آسٹریلیا ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں مدمقابل
لندن ۔انگلینڈ ویمنز نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ ویمنز کو 40 رنز سے شکست دے دی۔
اب 5 جولائی کو لارڈز میں ہونے والے فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ چھ بار کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا سے ہوگا جس نے پہلے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی ۔
انگلینڈ کا یہ 5 واں فائنل ہے۔ اس نے 2009 میں پہلا ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا تھا جس کے بعد وہ تین مرتبہ فائنل میں ہاری ہے۔
آسٹریلیا کا یہ آٹھواں فائنل ہے۔
جمعرات کو اوول کے میدان میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ دی جس نے20 اوورز میں 5 وکٹوں پر169 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم جواب میں 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 129رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔
انگلینڈ کی اننگز کی خاص بات کپتان نیٹ سیور برنٹ اور ہیدر نائٹ کی شاندار سنچری پارٹنرشپ تھی ۔شبنم اسمعیل اور ماریزان کیپ کی عمدہ بولنگ نےانگلینڈ کی تین وکٹیں صرف23 رنز پر حاصل کرلی تھیں۔ ایمی جونز 2 ڈینی ہوج12 اور ایلس کیپسی ایک رن بناسکیں۔
کپتان برنٹ اور ہیدر نائٹ نے اس موقع پر ٹیم کو مشکل سے نکالا اور چوتھی وکٹ کے لیے 133رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ برنٹ نے ایک چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے 75 رنز کی اننگز کھیلی ۔ یہ ان کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 19 ویں نصف سنچری ہے۔
نائٹ نے ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے58 رنز اسکور کیے۔یہ ان کی 10 ویں نصف سنچری ہے۔
ان دونوں کو ملابا نے ایک ہی اوور میں آؤٹ کردیا۔شبنم اسمٰعیل نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر اپنی وکٹوں کی نصف سنچری بھی مکمل کرلی۔
کپتان وولوارٹ اور تیزمین برٹس نے جنوبی افریقہ کو 43 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ وولوارٹ 17 رنز بناکر اسمتھ کی گیند پر ایکلسٹن کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں۔صرف 6 رنز کے اضافے پر ڈرکسن 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔ ماریزان کیپ 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں تو جنوبی افریقہ کا اسکور 3 وکٹوں پر صرف 68 رنز تھا۔
سونی لیز 11رنز بناکر آؤٹ ہوئیں تو اسکور 4 وکٹوں پر 91 رنز تھا اور جیت ابھی بھی 79 رنز دور تھی۔
جنوبی افریقہ کی آخری امید برٹس سے وابستہ تھی لیکن وہ 16 ویں نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 51 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں تو مجموعی اسکور 5 وکٹوں پر95 رنز تھا اور میچ مکمل طور پر انگلینڈ کی گرفت میں آچکا تھا جس سے نکلنا آنے والی کسی بھی بیٹر کے لیے ممکن نہ تھا۔
جنوبی افریقہ کی آخری پانچ وکٹیں صرف 32 رنز کے اضافے پر گریں۔
انگلینڈ کی طرف سے چارلی ڈین اور لارین بیل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔



Leave a Reply