قائداعظم ٹرافی: ڈیرہ مراد جمالی 30 اور لاڑکانہ 57 رنز پر آؤٹ ، فرسٹ کلاس کرکٹ یا مذاق ؟
پاکستان کرکٹ بورڈ نے قائداعظم ٹرافی گولڈ کے ساتھ ساتھ سلور کو بھی فرسٹ کلاس کرکٹ کا درجہ دے رکھا ہے لیکن یہ ٹورنامنٹ جس معیار کے ساتھ کھیلا جارہا ہے وہ کسی مذاق سے کم نہیں ہے۔ شریک ٹیموں کا آپس میں کوئی جوڑ نہیں ہے۔
قائداعظم ٹرافی سلور کے دوسرے راؤنڈ کے پہلے دن ڈیرہ مراد جمالی کی ٹیم ایبٹ آباد کے خلاف پہلی اننگز میں صرف 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔
ارشد اقبال نے 16 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔
سلور ہی کے ایک اور میچ میں لاڑکانہ کی ٹیم راولپنڈی کے خلاف پہلی اننگز میں صرف 57 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔محمد نواز نے 13 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔
قائداعظم ٹرافی گولڈ کے دوسرے راؤنڈ کے پہلے دن ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں لاہور وائٹس ، اسلام آباد کے خلاف پہلی اننگز میں 120 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔زین بن فاروق نے 36 رنز بنائے۔ساجد رضا نے 48 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔
اسلام آباد نے کھیل ختم ہونے پر ایک وکٹ پر 113 رنز بنائے تھے۔حمزہ وحید 47 اور عظیم باری 42 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
نیشنل کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں پشاور بلوز کی ٹیم فاٹا کے خلاف پہلی اننگز میں 220 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔نجب خان نے65 اور ساجد خان نے 82 رنز اسکور کیے۔ محمد رضوان صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
آفاق آفریدی نے 66 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔شاہین آفریدی نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
فاٹا نے کھیل ختم ہونے پر 3 وکٹوں پر 94 رنز بنائے تھے۔سلمان خان 46 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں کراچی بلوزکی ٹیم ملتان کے خلاف 212 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ہارون ارشد نے 48 اور عبداللہ فضل نے 40 رنز اسکور کیے۔موہیر سعید نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
ملتان نے کھیل ختم ہونے پر 2 وکٹوں پر 2 رنز بنائے تھے۔
شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں فیصل آباد کی ٹیم سیالکوٹ بلوز کے خلاف 222 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ فہام الحق نے 91 رنزکی اننگز کھیلی۔اطہرمحمود نے تین وکٹیں حاصل کیں۔



Leave a Reply