URDUپہلا ٹی ٹوئنٹی : سری لنکا ویمنز نے پاکستان ویمنز کو 6 وکٹوں سے ہرادیا

پہلا ٹی ٹوئنٹی : سری لنکا ویمنز نے پاکستان ویمنز کو 6 وکٹوں سے ہرادیا

دمبولا ۔ ایک ایسا میچ جس میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف اپنا سب سے بڑ اسکور بنایا، جیت سری لنکا ویمنز کی ہوئی جس نے ایمیشا دولانی کی شاندار سنچری کے نتیجے میں پاکستان ویمنز کو پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 6 وکٹوں سے شکست دے دی اور تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

یاد رہے کہ سری لنکا ویمنز نے اس سے قبل پاکستان ویمنز کو ون ڈے سیریز میں دو ایک سے ہرایا تھا۔

جمعہ کو رانگیری دمبولا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں سری لنکا نے ٹاس جیت کرپاکستان کو پہلے بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 176 رنز بنائے جو اس کا سری لنکا کے خلاف سب سے بڑ اسکور ہے اس سے قبل اس نے 2015 میں شارجہ میں 8 وکٹوں پر 143 رنز بنائے تھے۔

جواب میں سری لنکا نے 19 اوورز میں چار وکٹوں پر ہدف حاصل کرلیا۔

یہ سری لنکا کا پاکستان کے خلاف سب سے بڑا اسکور ہے اس سے قبل اس نے 2015 میں شارجہ میں5 وکٹوں پر151 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی اننگز کی قابل ذکر بات شوال ذوالفقار اور منیبہ علی کی عمدہ بیٹنگ تھی ۔ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 39 گیندوں پر 66 رنز بنائے۔

شوال ذوالفقار نے 41گیندوں پر ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 63 رنز اسکور کیے۔یہ ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کی پہلی نصف سنچری ہے۔

منیبہ علی نے جو اس سیریز میں فاطمہ ثنا کی غیرموجودگی میں قیادت کی ذمہ داری نبھارہی ہیں 24 گیندوں پر42 رنز بنائے جس میں 9چوکے شامل تھے۔

اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والی ایمان نصیر نے ایک چوکے کی مدد سے21 اور عائشہ ظفر نے 2 چھکوں کی مدد سے17 رنز اسکور کیے۔سائرہ جبین نے 13 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 چوکے شامل تھے۔

سری لنکا کی طرف سے کویشا دلہاری نے36 رنز دے کر2 وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا کی اوپنرز کپتان چماری اتاپتو اور ایمیشا دولانی نے جارحانہ انداز میں اننگز کی ابتدا کی اور پاور پلے میں 67 رنز بناڈالے۔ دولانی نے حمنہ بلال کے ایک ہی اوور میں 4 چوکوں کی مدد سے 16رنز بناڈالے۔ اتاپتو نے ام ہانی کے ایک اوور میں 15 رنز بنائے۔ اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والی مومنہ ریاست بھی خاصی مہنگی بولر ثابت ہوئیں ان کے پہلے دو اوورز میں21 رنز بنے۔انہوں نے چار اوورز میں کسی کامیابی کے بغیر33 رنز دیے

چماری اتاپتو 22 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے39 رنز بناکر نشرہ سندھو کی گیند پر ام ہانی کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں۔انہوں نے ایمیشا دولانی کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 78 رنز کا اضافہ کیا۔

اتاپتو کو ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنے4 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے صرف 37 رنز درکار ہیں۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والی چوتھی بیٹر ہونگی۔ ان کے علاوہ نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس ۔بھات کی سمرتی مندھانا اور ہرمنپریت کور ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں چار ہزار یا زائد رنز بناچکی ہیں۔

دولانی نے 64گیندوں پر 101 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 17 چوکے شامل تھے۔یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ان کی پہلی سنچری ہے۔

وشمی گونا رتنے 3 رنز بناکرام ہانی کی گیند پر شوال ذوافقار کے ہاتھوں کیچ ہوئیں۔ ام ہانی نے اپنے چار اوورز میں ایک وکٹ کے حصول کے لیے 37 رنز دیے۔

نشرہ سندھو نے اپنی دوسری کامیابی ہرشیتھا سمارا وکرما کو 7 رنز پر ام ہانی کے ہاتھوں کیچ کراکر حاصل کی۔وہ 25 رنز کے عوض دو وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہیں۔

سری لنکا کی گرنے والی چوتھی وکٹ کویشا دلہاری کی تھی جو 11 رنز بناکر حمنہ بلال کی گیند پر آؤٹ ہوئیں۔حمنہ نے تین اوورز میں 38 رنز دے ڈالے۔

سیریز کے بقیہ دو میچز 2 اور 4 اگست کو کھیلے جائیں گے۔

The author

Lorem ipsum dolor sit amet, conse ctetuer adipiscing elit, sed diam nonum nibhie. Aenean sollici tudin, lorem auci elit consequat ipsutis sem niuis sed odio sit amet nibh vulputate cursus.

GET IN TOUCH WITH US

At Grassroots Cricket, we give paramount importance to feedback from our viewers. We value your opinions, and in case of suggestions or business inquiries, feel free to get in touch with us.