URDUبابراعظم کی سنچری ، پشاور زلمی پی ایس ایل کے فائنل میں

بابراعظم کی سنچری ، پشاور زلمی پی ایس ایل کے فائنل میں

کراچی۔ پی ایس ایل میں شائقین کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت ملی اور یہ شائقین خود کو یقیناً خوش قسمت سمجھیں گے کہ انہیں بابراعظم کی شاندار بیٹنگ دیکھنے کو مل گئی جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی میں اپنی 13 ویں سنچری کی بدولت پشاور زلمی کی اسلام آباد یونائٹڈ کے خلاف 70 رنز کی جیت کی بنیاد رکھ دی۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں یہ کوالیفائر جیت کر پشاور زلمی نے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
پشاور زلمی کی ٹیم پانچویں مرتبہ پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچی ہے۔
اسلام آباد یونائٹڈ نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ دی جس نے20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 221 رنز بنائے۔
جواب میں اسلام آباد یونائٹڈ 18 اعشاریہ 4اوورز میں 151 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
بابراعظم اور محمد حارث نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 72 رنز کا اضافہ کیا۔ جیمز ونس کی جگہ ٹیم میں جگہ بنانے والے محمد حارث 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 35 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر چیپمین کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
بابراعظم نے اپنے خوبصورت اسٹروکس سے شائقین کو محظوظ کیا۔ انہوں نے59 گیندوں پر 12 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 103 رنز اسکور کیے۔ یہ ان کی اس ٹورنامنٹ میں دوسری اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں مجموعی طور پر 13 ویں سنچری ہے۔ وہ اب پی ایس ایل میں مجموعی طور پر چار سنچریوں کے ریکارڈ میں عثمان خان کے ساتھ شریک ہوچکے ہیں۔
اس ٹورنامنٹ میں بابراعظم کے مجموعی رنز 588 ہوچکے ہیں۔
یہ چوتھا موقع ہے کہ انہوں نے پی ایس ایل کے ایک ایڈیشن میں پانچ سو سے زائد رنز بنائے ہیں۔اس سے قبل انہوں نے 2021 میں 554 رنز 2022 میں522 رنز اور 2024 میں 569 رنز بنائے تھے۔
کوسال مینڈس 41 رنز کی اننگز کھیل کر فہیم اشرف کی گیند پر سمیر منہاس کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
اس ٹورنامنٹ میں ان کے مجموعی رنز 541 ہوگئے ہیں۔
بابراعظم اور کوسال مینڈس نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 84 رنز کا اضافہ کیا۔ اس سے قبل یہ دونوں 191 ۔135۔ اور 109رنز کی شراکت بھی قائم کرچکے ہیں۔
شاداب خان نے لگاتار گیندوں پر مائیکل بریسویل ( 2 ) اور عبدالصمد (صفر) کو آؤٹ کردیا۔ زلمی کی تین وکٹیں سات گیندوں پر گریں۔
ایرون ہارڈی نے ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔
شاداب خان نے چار اوورز میں 42 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔ رچرڈ گلیسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اسلام آباد یونائٹڈ کا آغاز مثبت اور جارحانہ رہا تاہم پانچ اوورز میں اس کی پہلی وکٹ 58 رنز پر گرگئی جب ڈیون کانوے ایک چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے20 رنز بناکر بریسویل کی گیند پر عبدالصمد کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
سمیر منہاس نے خرم شہزاد کے پہلے ہی اوور میں لگاتار تین چوکوں سے اپنے ارادے ظاہر کردیے تاہم وہ چھ رنز کی کمی سے اس ٹورنامنٹ میں اپنی چوتھی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 44 رنز بناکر ہارڈی کی گیند پر بابر کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔
اسلام آْباد یونائٹڈ کی پیش قدمی کو اسوقت دھچکہ پہنچا جب کپتان شاداب خان 6 رنز بناکر ہارڈی کی وکٹ بنے اور محسن ریاض25 رنز بناکر سفیان مقیم کی گیند پر عبدالصمد کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
حیدرعلی کے پاس اپنی ٹیم کو مایوس کرنے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ وہ صرف8 رنز بناکر ایرون ہارڈی کی تیسری وکٹ بن گئے۔اس ٹورنامنٹ میں وہ 6 اننگز میں صرف 72رنز بناسکے ہیں۔
مارک چیپمین 4 رنز بناکر سفیان مقیم کی اس ٹورنامنٹ میں21 ویں وکٹ بن گئے۔ فہیم اشرف صرف ایک رن بناکر رن آؤٹ ہوئے۔ محمد باسط نے ایک ہی اوور میں عماد وسیم اور سلمان مرزا کو آؤٹ کردیا۔
ایرون ہارڈی زلمی کے سب سے کامیاب بولررہے انہوں نے 24 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔ سفیان مقیم اور محمد باسط نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
بابراعظم شاندار سنچری پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
کوالیفائر ہارنے والی اسلام آباد یونائٹڈ اب یکم مئی کو ایلیمنیٹر ٹو میں ایلیمنیٹر ون کی فاتح ٹیم کا مقابلہ کرے گی۔
ایلیمنیٹر ون 29 اپریل کو حیدرآباد کنگزمین اور ملتان سلطانز کے درمیان لاہور میں کھیلا جائے گا۔

The author

Lorem ipsum dolor sit amet, conse ctetuer adipiscing elit, sed diam nonum nibhie. Aenean sollici tudin, lorem auci elit consequat ipsutis sem niuis sed odio sit amet nibh vulputate cursus.

GET IN TOUCH WITH US

At Grassroots Cricket, we give paramount importance to feedback from our viewers. We value your opinions, and in case of suggestions or business inquiries, feel free to get in touch with us.