آسٹریلیا آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں
لندن ۔ آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنالی۔
یہ آسٹریلوی ٹیم کا آٹھواں ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل ہے جس میں سے وہ چھ بار فاتح رہی ہے۔
اوول کے میدان میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ دی لیکن 2016کی فاتح ویسٹ انڈیز20 اوورز میں 7 وکٹوں پر صرف 125 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔اس کی جانب سے کپتان ہیلی میتھیوز 30 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔
ڈیئنڈرا ڈوٹن نے چار چوکوں کی مدد سے 26 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے۔ میچ سے قبل جب دونوں ٹیموں کے درمیان قومی ترانے بجائے جارہے تھے تو اسوقت ڈوٹن کی طبعیت خراب ہوگئی تھی اور انہیں طبی امداد فراہم کی گئی میڈیکل روم میں آدھا گھنٹہ گزارنے کے بعد وہ دوبارہ میدان میں آئیں اور انہوں نے بیٹنگ کی۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایشلے گارڈنر۔جارجیا ویرہیم اور کپتان سوفی مولینیکس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا نے 13 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
بیتھ مونی نے آؤٹ ہوئے بغیر 61رنز اسکور کیے جس میں8 چوکے شامل تھے۔ایشلے گارڈنر نے بھی آؤٹ ہوئے بغیر35 رنز کی اننگز کھیلی جس میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا ان دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 63رنز کا اضافہ کیا۔
گارڈنر اس آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔
دوسرا سیمی فائنل 2 جولائی کو گزشتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فائنلسٹ جنوبی افریقہ اور 2009 کی چیمپئن انگلینڈ کے درمیان اوول میں کھیلا جائے گا جبکہ فائنل 5 جولائی کو لارڈز میں ہوگا۔



Leave a Reply