URDUعثمان خان کی پی ایس ایل میں ریکارڈ چوتھی سنچری

عثمان خان کی پی ایس ایل میں ریکارڈ چوتھی سنچری

کراچی ۔ عثمان خان کی پی ایس ایل میں ریکارڈ چوتھی سنچری کی بدولت حیدرآباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اسٹیو اسمتھ کی سنچری اور پیٹر سڈل کی عمدہ بولنگ رائیگاں گئی۔
حیدرآباد کنگز مین کی یہ مسلسل چوتھی کامیابی ہے اور اب اس کے 8 پوائنٹس ہوگئے ہیں۔ ملتان سلطانز 12 پوائنٹس پر برقرار ہے۔
اس سے قبل پاکستان انڈر 19 کپتان فرحان یوسف اور کوسال مینڈس کی شاندار بیٹنگ اور نوجوان علی رضا کی ہیٹ ٹرک کے نتیجے میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔
یہ پشاور زلمی کی 8 ویں کامیابی ہے اور اس کے اب 17 پوائنٹس ہوگئے ہیں۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 9 وکٹوں پر182 رنز بنائے۔
پشاور زلمی نے 18 اعشاریہ 3 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
کراچی کنگز کی اننگز میں جیسن روئے نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے2 چھکوں اور 11چوکوں کی مدد سے 85 رنز اسکور کیے۔اعظم خان نے 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 35 رنز بنائے۔ کپتان ڈیوڈ وارنر کی واپسی ہوئی لیکن انہیں علی رضا نے صرف11 رنز پر بولڈ کردیا۔
علی رضا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے اننگز کے آخری اوور میں ہیٹ ٹرک بھی کی۔ اس اوور کی تیسری گیند پر عباس آفریدی رن آؤٹ ہوئے۔ چوتھی گیند پر علی رضا نے خوشدل شاہ کو ہٹ وکٹ آؤٹ کردیا۔ پانچویں گیند پر شاہدعزیز بولڈ ہوگئے اور آخری گیند پر علی رضا نے حسن علی کو بھی بولڈ کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔
اٹھارہ سالہ علی رضا پی ایس ایل میں ہیٹ ٹرک کرنے والے سب سے کم عمر بولر ہیں ۔ان سے قبل محمد عامر۔ جنید خان ۔ عمران طاہر ۔ محمد سمیع ۔عباس آفریدی اور اکیل حسین پی ایس ایل میں ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
علی رضا نے چار اوورز میں 41 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
پشاور زلمی کی اننگز میں کوسال مینڈس نے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے80 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے تاہم نوجوان فرحان یوسف نے اپنی بیٹنگ سے سب کو متاثر کیا ۔ انہوں نے3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
کوسال مینڈس اور فرحان یوسف کے درمیان چوتھی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں119 رنز بنے۔ مینڈس ابتک اس ٹورنامنٹ میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریوں کی مدد سے 493 رنز بناچکے ہیں۔
بابراعظم 25 اور جیمز ونس 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کوسال مینڈس نے ٹورنامنٹ میں اپنا تیسرا پلیئر آف دی میچ ایوارڈ حاصل کیا۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں حیدرآباد کنگز مین نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانزکو بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 213 رنز بنائے۔
جواب میں حیدرآباد کنگز نے 19 اعشاریہ 3 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
ملتان سلطانز کی اننگز کی خاص بات اسٹیو اسمتھ کی جارحانہ سنچری تھی۔
انہوں نے 50 گیندوں پر 12چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 106 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ یہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ان کی چھٹی سنچری ہے۔
انہوں نے حنین شاہ کے ایک اوور میں چار چوکے اور دو چھکے لگاتے ہوئے28 رنز بنائے۔
اسٹیو اسمتھ اور صاحبزادہ فرحان نے 132 رنز کا شاندار اوپننگ اسٹینڈ ٹیم کو دیا۔ صاحبزادہ فرحان نے 43گیندوں پر 4 چوکوں اور 5چھکوں کی مدد سے 66 رنز اسکور کیے یہ اس ٹورنامنٹ میں ان کی دوسری نصف سنچری ہے ۔ ایک سنچری اس کے علاوہ ہے۔
حیدرآباد کنگز کی طرف سے عاکف جاوید نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
حیدرآباد کنگز مین کو پاور پلے میں ہی تین وکٹوں کا نقصان برادشت کرنا پڑا یہ تینوں وکٹیں محمد اسمعیل نے حاصل کرڈالیں۔ معاذ صداقت ( 7 ) صائم ایوب ( 5 ) اور کوسال پریرا ( صفر ) پر آؤٹ ہوئے۔
12 کروڑ روپے میں حیدرآباد کنگز مین میں شامل ہونے والے صائم ایوب کا اس ٹورنامنٹ میں سب سے بڑا اسکور صرف 35 رنز ہے۔
کپتان مارنس لبوشین اور عثمان خان کی 123رنز کی شاندار شراکت نے کنگزمین کی امیدوں کو زندہ رکھا۔لبوشین 9 چوکوں کی مدد سے 61رنز کی اننگز کھیل کر پیٹرسڈل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
عثمان خان بھی زبردست فارم میں واپس آئے اور انہوں نے 47گیندوں پر 101رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 5چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ یہ پی ایس ایل میں مجموعی طور پر ان کی چوتھی اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں چھٹی سنچری ہے۔وہ پی ایس ایل میں چار سنچریاں بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل وہ بابراعظم ۔ کامران اکمل فخرزمان اور رائلی روسو کے ساتھ تین سنچریاں بنانے والوں میں شامل تھے۔
یاد رہے کہ عثمان خان کو 2023 میں پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری صرف 36گیندوں پر اسکور کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
عثمان خان اور گلین میکسویل کو پیٹر سڈل نے ایک ہی اوور میں آؤٹ کردیا لیکن حسان خان اور عرفان خان نے اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کردیا۔ حسان خان نے پریشر صورتحال میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے تین چھکوں اورایک چوکے کی مدد سے صرف 6 گیندوں پر24 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔عرفان خان ایک چھکے کی مدد سے 8 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد وسیم نے اپنےآخری اوور میں 18 اور مجموعی طور پر 46 رنز دیے جبکہ انہوں نے حسان خان کا کیچ بھی ڈراپ کردیا۔
پیٹر سڈل نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
عثمان خان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
جمعرات کو کراچی میں ہونے والے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائٹڈ کا مقابلہ راولپنڈیز سے ہوگا جبکہ لاہور میں دوسرا میچ لاہور قلندرز اورکراچی کنگز درمیان کھیلا جائے گا۔

The author

Lorem ipsum dolor sit amet, conse ctetuer adipiscing elit, sed diam nonum nibhie. Aenean sollici tudin, lorem auci elit consequat ipsutis sem niuis sed odio sit amet nibh vulputate cursus.

GET IN TOUCH WITH US

At Grassroots Cricket, we give paramount importance to feedback from our viewers. We value your opinions, and in case of suggestions or business inquiries, feel free to get in touch with us.