ایبٹ آباد نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا
لاہور ۔ ایبٹ آباد نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا۔
اتوار کی شب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں اس نے کراچی وائٹس کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
فاتح ٹیم کو پچاس لاکھ روپے کی انعامی رقم ملی جبکہ رنرزاپ ٹیم نے پچیس لاکھ روپے حاصل کیے۔
یاد رہے کہ کراچی وائٹس نے اس سیزن میں قائداعظم ٹرافی جیتی ہے لیکن وہ سیزن میں ڈبل مکمل نہ کرسکی۔
ایبٹ آباد کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کراچی وائٹس کو بیٹنگ دی جو اپنے بیٹرز کی مایوس کن کارکردگی کے سبب 18.3 اوورز میں صرف 118 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں ایبٹ آباد نے مطلوبہ اسکور 13.5 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔
کراچی وائٹس کی اننگز میں 9 ویں نمبر کے بیٹر ثاقب خان ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 22 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ کپتان سعود شکیل 17۔ شان مسعود 16 ہارون ارشد 13 اور خواجہ نافع 10 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکے۔
ارشد اقبال نے 28 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔شاداب خان ۔رضاء اللہ اور شہاب خان نےدو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
شہاب خان نے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر15 وکٹیں حاصل کیں جو سیالکوٹ کے اسامہ میر کی16 وکٹوں کے بعد دوسری بہترین کارکردگی ہے۔
ایبٹ آباد کی اننگز میں آفاق خان اور شاہ زیب خان نے پہلی وکٹ کے لیے 62 رنز بنائے۔ آفاق خان کے13 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد شاہ زیب خان اور کامران غلام نے 58 رنز کی شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کردیا۔
شاہ زیب خان نے3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 54 رنز ناٹ آؤٹ کی عمدہ اننگز کھیلی۔
کامران غلام بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 45 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔یوں وہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 268 رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔
شاہ زیب خان نے ٹورنامنٹ کا اختتام 214 رنز پر کیا جن میں تین نصف سنچریاں شامل تھیں۔
یاد رہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ سیمی فائنل مرحلے تک مارچ میں پشاور میں کھیلا گیا تھا۔ کراچی وائٹس نے سیمی فائنل میں سیالکوٹ کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ ایبٹ آباد اور لاہور وائٹس کا سیمی فائنل بارش کی نذر ہوگیا تھا اور ایبٹ آباد نے گروپ مرحلے میں ٹاپ ہونے کی وجہ سے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔



Leave a Reply