ویسٹ انڈیز کے 5 وکٹوں پر239 رنز لیکن محمد عباس ٹیم سے ڈراپ
پورٹ آف اسپین ۔ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن اپنی پہلی اننگز میں 74 اوورز کی بیٹنگ میں 239 رنز بنائے تھے اور اس کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
پہلے ٹیسٹ میں 90 رنز سے کامیابی حاصل کرنے والی میزبان ٹیم کسی تبدیلی کے بغیر میدان میں اتری ہے ۔ دوسری جانب پاکستان نے اس ٹیسٹ میں چار تبدیلیاں کی ہیں۔ شان مسعود ( انجرڈ ) عامر جمال ۔ خرم شہزاد اور محمد عباس یہ ٹیسٹ نہیں کھیل رہے ہیں ان کی جگہ عبداللہ شفیق۔ اویس ظفر۔ ساجد خان اور عبید شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
اویس ظفر اور عبید شاہ کا یہ پہلا ٹیسٹ ہے ۔عبید شاہ سے قبل ان کے بڑے بھائی نسیم شاہ بھی انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
محمد عباس حیران کن طور پر ڈراپ ۔
دوسرے ٹیسٹ کی سب سے حیران کن بات پہلے ٹیسٹ میں 8 وکٹوں کی شاندار کارکردگی دکھانے والے فاسٹ بولر محمد عباس کا ڈراپ کیا جانا ہے۔
جب ٹاس کے موقع پر ای این بشپ نے کپتان بابراعظم سے اس بارے میں پوچھا تو ان کا جواب ہر کسی کے لیے حیران کن تھا کہ کنڈیشنز دیکھتے ہوئے محمد عباس کو ٹیم میں شامل نہیں کیاگیا ہے۔
ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن بارش نے دسویں اوور میں کھیل روکنے پر مجبور کردیا۔ چندر پال 15 رنز بناکر محمد علی کی گیند پر ساجد خان کے ہاتھوں کیچ ہوئے تو ویسٹ انڈیز کا اسکور 49 رنز تھا ۔ نئے بیٹر کے ویم ہوج کے پہلی گیند کھیلنے سے پہلے ہی بارش آگئی اسوقت برینڈن کنگ 7 چوکوں کی مدد سے 33 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
دونوں اوپنرز نے پاکستان کی فیلڈ پلیسنگ کی خامی کا بھی فائدہ اٹھایا۔ محمد علی کپتان بابراعظم کو تیسری سلپ نہ ہونے کی نشاندہی کرتے دکھائی دیے۔ عبیدشاہ کی بولنگ پر 7 چوکے لگے جن میں 6 چوکے برینڈن کنگ نے لگائے تھے۔
دوسرے سیشن میں جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو برینڈن کنگ نے محمد علی کو دو چوکے لگاکر اپنے خطرناک ارادے ظاہر کیے لیکن 9 چوکوں کی مدد سے 46 کے انفرادی اسکور علی عثمان نے ریویو کی مدد سے انہیں ایل بی ڈبلیو کرکے اپنی پہلی ٹیسٹ وکٹ حاصل کرلی۔
کے ویم ہوج کی 44 گیندوں پر 10 رنز کی محتاط اننگز کا خاتمہ محمد رضوان نے ساجد خان کی گیند پر عمدگی سے کیچ کرکے کیا۔ یہ وکٹ بھی پاکستان نے ریویو کی مدد سے حاصل کی۔
عامر جانگو 26 رنز بناکر عبید شاہ کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہوئے ۔ یہ عبید شاہ کی پہلی ٹیسٹ وکٹ تھی۔ویسٹ انڈیز کی چوتھی وکٹ 120 کے اسکور پر گری۔
شے ہوپ اور جسٹن گریوز کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 53 رنز بنے۔ ہوپ ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 29 رنز بناکر محمد علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
جب کھیل کم روشنی کے سبب ختم کیا گیا توپہلے ٹیسٹ کے پلیئر آف دی میچ گریوز 64 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ کریز پر موجود تھےاس اننگز میں 8چوکے شامل ہیں۔
ان کی خوش قسمتی کہ 51 کے اسکور پر ساجد خان کی گیند پر لیگ سلپ میں بابراعظم ان کا کیچ لینے میں کامیاب نہ ہوسکے
یہ ان کی ٹیسٹ میں دوسری نصف سنچری ہے۔وہ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے ایک ہزار رنز سے صرف چھ رنز کی دوری پر ہیں۔
کپتان روسٹن چیز 5 چوکوں کی مدد سے 36 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔ گریوز کے ساتھ ان کی پارٹنرشپ 66 رنز کی ہوچکی ہے ۔
محمد علی چاروں بولرز میں 49 رنز کے عوض 2 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے ہیں۔



Leave a Reply