ڈھاکہ ٹیسٹ : اذان اویس کی شاندار بیٹنگ ، عباس کی پانچ وکٹیں
ڈھاکہ ۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ کا دوسرا دن نوجوان بیٹر اذان اویس کی شاندار بیٹنگ اور محمد عباس کی پانچ وکٹوں کی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے یاد رہے گا۔
محمد عباس کی پانچ وکٹوں کے نتیجے میں بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگز میں 413 رنز پر آؤٹ ہوگئی جس کے بعد اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے اذان اویس کی 85 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کی بدولت پاکستان ٹیم نے دوسرے دن کھیل کا اختتام 179 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر کیا ہے۔
امام الحق اور اذان اویس نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 108 رنز کا اضافہ کیا۔ اذان اویس نے اعتماد سے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی اننگز میں متعدد خوبصورت اسٹروکس کھیلے ہیں حالانکہ ناہید رانا کی ایک تیز گیند ان کے ہیلمٹ پر بھی لگی جس پر دو مرتبہ فزیو نے میدان میں آکر ان کا معائنہ کیا تاہم انہوں نے رانا ہی کے ایک اوور میں لگاتار تین چوکے بھی لگائے۔وہ ابتک 133 گیندوں پر مشتمل اس اننگز میں 12 چوکے لگاچکے ہیں۔
وہ اولین ٹیسٹ میں سنچری کے اعزاز سے صرف 15 رنز دور ہیں ۔اگر وہ سنچری بنانے میں کامیاب ہوگئے تو وہ اپنے اولین ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے 14 ویں پاکستانی بیٹر ہونگے۔
ان کے ساتھ کریز پر دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین عبداللہ فضل ہیں ان کا بھی یہ پہلا ٹیسٹ ہے لیکن انہوں نے بھی بڑے اعتماد سے بیٹنگ کی ہے اور وہ 6 چوکوں کی مدد سے 37 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
اذان اور عبداللہ ابتک دوسری وکٹ کی شراکت میں 73 رنز کا اضافہ کرچکے ہیں۔
امام الحق 72 گیندوں پر 6چوکوں کی مدد سے 45 رنز بناکر مہدی حسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ 23 رنز پر عبادت کی گیند پر جوئے نے ان کا کیچ ڈراپ کیا اور پھر 24 رنز پر انہیں امپائر رچرڈ کیٹل برو نے ناہید رانا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو دے دیا لیکن ریویو پر یہ فیصلہ بدلنا پڑا۔
اس سے قبل بنگلہ دیش نے 301 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز شروع کی تو دن کے دوسرے ہی اوور میں لٹن داس نے شاہین آفریدی کو لگاتار تین چوکے لگاکر مشفق الرحیم کے ساتھ ایک بڑی شراکت کی طرف قدم بڑھانے شروع کیے لیکن محمد عباس نے انہیں 33 رنز پر متبادل فیلڈرعماد بٹ کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔
لٹن داس اور مشفق الرحیم نے پانچویں وکٹ کے لیے 62 رنز کا اضافہ کیا۔
محمد عباس کو پہلے سیشن میں مزید دو کامیابیاں ملیں ۔ پہلے انہوں نے مہدی حسن میراز کو 10 رنز پر امام الحق کے ہاتھوں کیچ کرایا اور پھرتیج الاسلام کو محمد رضوان کے کیچ کی مدد سے 17 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔
بنگلہ دیش کو کھانے کے وقفے کے بعد پہلے ہی اوور میں مشفق الرحیم کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جنہیں شاہین آفریدی نے 71 رنز پر بولڈ کردیا۔
محمد عباس نے اگلے ہی اوور میں عبادت حسین کو آؤٹ کرکے اننگز میں اپنی پانچویں وکٹ حاصل کرلی۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں چھٹا موقع ہے کہ انہوں نے اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں محمد عباس ابتک 56 مرتبہ اننگز میں پانچ یا زائد وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور ان کی وکٹوں کی تعداد 880 ہوگئی ہے۔
شاہین آفریدی نے تسکین احمد کو 28 رنز پر سلپ میں سعود شکیل کے شاندار کیچ کے ذریعے آؤٹ کرکے بنگلہ دیش کی اننگز کو ختم کردیا ۔انہوں نے
113 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں لیکن قابل ذکر کارکردگی محمد عباس کی رہی جنہوں نے92 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
حسن علی نے ایک وکٹ کے لیے 75 رنز دے ڈالے ۔ یہ بغیر کسی وکٹ کی لگاتار پانچ اننگز کے بعد چھٹی اننگز میں ان کی پہلی وکٹ ہے۔ٹیسٹ ٹیم میں ان کا سلیکشن اور مایوس کن کارکردگی دونوں سوالیہ نشان بنے ہوئے ہیں۔



Leave a Reply