قائداعظم ٹرافی: کراچی بلوز اور سیالکوٹ کی کامیابی
قائداعظم ٹرافی گولڈ کے تیسرے راؤنڈ کے چوتھے اور آخری دن دفاعی چیمپئن کراچی بلوز نے اسلام آباد کو 256 رنز سے شکست دیدی ۔
سیالکوٹ نے فاٹا کو 80 رنز سے ہرادیا۔دونوں ٹیموں کی یہ دوسری کامیابیاں ہیں
شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں اسلام آباد کو کراچی بلوز کے خلاف جیتنے کے لیے 391 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن پوری ٹیم صرف 134 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
محمد رضا نے37 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔ میرحمزہ نے36 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ابرار احمد نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
محمد رضا نے پہلی اننگز میں دو وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ کراچی کی پہلی اننگز میں سنچری بھی اسکور کی تھی۔
اس سے قبل کراچی بلوز نے دوسری اننگز 5 وکٹوں پر 342 رنز بناکر ڈکلیئر کردی جس میں عمیر بن یوسف اور عبداللہ فضل کی سنچریاں شامل تھیں۔
ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں فاٹا کو سیالکوٹ بلوز کے خلاف جیتنے کے لیے 385 رنز کا ہدف ملا تھا اس نے چوتھے دن دوسری اننگز 85 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی لیکن پوری ٹیم 304 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی کاشف نور نے107 رنز کی اننگز کھیلی۔فواد ارشد نے 67 رنز بنائے۔اطہر محمود نے 76 رنز دے کر 4وکٹیں حاصل کیں۔
حسن علی نے 49 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں اس طرح انہوں نے میچ میں 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قائداعظم گولڈ کا چوتھا مرحلہ ہفتہ 21نومبر سے شروع ہوگا۔
فاٹا اور اسلام آباد کا مقابلہ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں ہوگا۔
فیصل آباد اور کراچی بلوز کی ٹیمیں ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں مدمقابل ہونگی۔
ملتان اور لاہور وائٹس کا میچ نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں کھیلا جائے گا جبکہ پشاور بلوز اور سیالکوٹ بلوز کی ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہونگی۔



Leave a Reply