سری لنکن بیٹنگ پاکستانی پیس اٹیک کے سامنے 98 رنز پر آؤٹ
پاکستان کے چار رکنی پیس اٹیک کی شاندار بولنگ نے سری لنکا کو راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے ہی دن بیک فٹ پر مجبور کردیا۔
سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 35.3 اوورز کی بیٹنگ میں صرف 98 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جو اس کا پاکستان کی سرزمین پر سب سے کم اسکور ہے۔ اس سے قبل وہ 1982 میں کراچی ٹیسٹ میں 149 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔
پاکستان نے کھیل ختم ہونے پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنالیے تھے۔ گرنے والی وکٹوں میں بابراعظم بھی شامل تھے جو صرف 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
سری لنکا کے لیے کھیل کا پہلا سیشن ہی تباہ کن ثابت ہوا جب صرف 89 رنز پر اس کی 6 وکٹیں گرچکی تھیں۔
پاکستان ٹیم ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اتری ۔ عرفات منہاس کی جگہ عامر جمال ٹیم میں شامل کیے گئے۔ سری لنکا نے تیز بولر دلشن مادو شانکا کی جگہ لیفٹ آرم اسپنر پرابتھ جے سوریا کو پہلی بار پاکستان میں ٹیسٹ کھیلنے کا موقع فراہم کیا۔
بابراعظم نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ دی اور پنڈی اسٹیڈیم کی پچ نے چوتھے اوور ہی سے فاسٹ بولرز کو خوشخبری سنانا شروع کردی۔پہلے ٹیسٹ کے پلیئر آف دی میچ ثاقب خان نے پاسندو سوریا بندرا کو 2 رنز پر غازی غوری کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔
محمد عباس نے لگاتار دو میڈن اوورز کرانے کے بعد اپنے پانچویں اوور میں آؤٹ فارم دنیش چندی مل کو 7 رنز پر اذان اویس کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔اگلی کامیابی بھی محمد عباس کے حصے میں آئی جب انہوں نے کامندو مینڈس کی 8 رنز پر وکٹ شارٹ کور پر طیب عارف کے ایک عمدہ کیچ کی مدد سے حاصل کی جو اس سے قبل ایک کیچ گراچکے تھے۔
اب رضاء اللہ کی باری تھی جنہوں نے پہلے لاہیرو اودارا کو 4 رنز پر محمد طحہ کے سلپ میں کیچ کے ذریعے واپسی دکھائی اور پھر پہلے ٹیسٹ کے سنچری میکر دھنن جے ڈی سلوا کو ایک رن پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔
36 رنز پر 5 وکٹیں گرجانے کے بعد کپتان کوسال مینڈس اور سونال دنوشا اسکور میں 49 رنز کا اضافہ کرسکے تھے کہ سری لنکا کو ایک بڑا دھچکہ کوسال مینڈس کی وکٹ کی صورت میں لگا جو 5 چوکوں کی مدد سے 32 رنز بناکر عامرجمال کی گیند پر ثاقب خان کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
کھانے کے وقفے کے بعد پہلے ہی اوور میں رضاء اللہ نے ملان رتنائیکے کو صفر پر بولڈ کرکے تیسری کامیابی حاصل کی تو دوسری جانب محمد عباس نے بھی اپنی تیسری وکٹ پرابتھ جے سوریا کو 3 رنز پر اپنی ہی گیند پر کیچ کرکے حاصل کی۔
سری لنکا کی 9 ویں وکٹ97 رنز پر گری جب دنوشا 21 رنز بناکر عامر جمال کی گیند پر رضاء اللہ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے اور اسی اوور میں انہوں نے لاہیرو کمارا کو صفر پر سلمان علی آغا کے ہاتھوں کیچ کراکر کو آؤٹ کرکے سری لنکا کی بساط لپیٹ دی۔
محمد عباس ۔رضاء اللہ اور عامر جمال نے بالترتیب 14 ۔21 اور 24 رنز دے کر تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ثاقب خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی ۔
پاکستان کی پہلی اننگز میں اذان اویس اور طیب عارف نے 80 رنز کا اچھا اسٹارٹ دیا۔طیب عارف 6 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بناکر اسیتھا فرنینڈو کی گیند پر کوسال مینڈس کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
محمد طحہ کی 29گیندوں پر 8 رنز کی محتاط اننگز کا خاتمہ پرابتھ جے سوریا نے ڈی سلوا کے ہاتھوں کیچ کراکر کیا۔
کپتان بابراعظم نے کمارا اور جے سوریا کو دو چوکے لگائے لیکن 8 رنز پر کمارا نے انہیں بولڈ کرکے حیران پریشان کردیا۔انہیں سمجھ میں ہی نہیں آیا کہ ان کے ساتھ کیا ہوگیا۔
کھیل ختم ہونے پر اذان اویس 47 اور نائٹ واچ مین ثاقب خان 2 رنز پر کریز پر تھے۔



Leave a Reply