راولپنڈی ٹیسٹ ڈرا ، سعود شکیل دونوں اننگز میں نروس نائنٹیز کا شکار
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا۔ سعود شکیل پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے۔
سعود شکیل واحد پاکستانی بیٹر ہیں جو ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے ہیں۔ ان کے علاوہ آسٹریلیا کے کلیم ہل انگلینڈ کے فرینک وولی ۔سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے اور ویسٹ انڈیز کے گورڈن گرینج ( دو مرتبہ ) ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نروس نائنٹیز میں آؤٹ ہوئے ہیں۔
ثاقب خان اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں سات وکٹوں کی عمدہ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
سعود شکیل کی وکٹ گرنے پر پاکستان نے دوسری اننگز 8 وکٹوں پر284 رنز پر ڈکلیئر کردی اور اسی وقت میچ بھی ختم کردیا گیا اسوقت تک پاکستان کو 272رنزکی برتری حاصل ہوچکی تھی۔
پاکستان نے دوسری اننگز 57 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی لیکن دن کی پہلی ہی گیند پر اذان اویس 22 رنز پر لاہیرو کمارا کی گیند پر سلپ میں کامندو مینڈس کے ہاتھوں کیچ ہوگئے ۔
اگلے ہی اوور میں محمد طحہ بھی اپنے گزشتہ روز کے اسکور 24 میں اضافہ کیے بغیر فرنینڈو کی گیند پر کوسال مینڈس کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
بابراعظم اور سعود شکیل کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 50 رنز بنے۔
بابراعظم کو 22 رنز پر اس وقت زندگی ملی جب فرنینڈو کی گیند پر کامندو مینڈس نے سلپ میں ان کا کیچ گرادیا۔ 27 رنز پر رتنائیکے کی گیند پر ان کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل امپائر نے مسترد کردی ۔ سری لنکا کا ریویو بھی ضائع گیا۔
بابر کی 48 گیندوں پر مشتمل 34 رنز کی اننگز جس میں 6چوکے شامل تھے ، ملان رتنائیکے نے شارٹ اسکوائر لیگ پر اودارا کے ہاتھوں کیچ کے ذریعے ختم کی۔
بابراعظم کی یہ سنچری کے بغیر لگاتار 42 ویں اننگز تھی۔
آؤٹ آف فارم سلمان علی آغا 13 رنز بناکر رتنائیکے کی گیند پر سوریا بندرا کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔وہ ابتک 27 اننگز بغیر سنچری کے کھیل چکے ہیں۔اس دوران وہ صرف 5 نصف سنچریاں بنا پائے ہیں۔
رتنائیکے نے تیسری کامیابی غازی غوری کو 35 رنز پر کوسال مینڈس کے ہاتھوں کیچ کراکر حاصل کی۔
سعود شکیل نے ایک بار پھر اعتماد سے بیٹنگ کی لیکن وہ صرف 3 رنز کی کمی سے اپنی پانچویں ٹیسٹ سنچری مکمل نہ کرسکے اور کمارا کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔انہوں نے 210 گیندوں پر 7چوکوں کی مدد سے 97 رنز اسکور کیے۔
یاد رہے کہ وہ پہلی اننگز میں 93 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تھے۔
عرفات منہاس چائے کے وقفے سے پہلے 16 رنز بناکر دھنن جے ڈی سلوا کی گیند پر کامندو مینڈس کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
سری لنکن بولرز میں ملان رتنائیکے نے 47 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔اسیتھا فرنینڈو اور لاہیرو کمارا نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 17 نومبر سے اسی راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں پہلے ٹیسٹ کے چار دنوں کے کھیل میں کم روشنی اور بارش کے سبب117 اوورز ضائع ہوئےہیں ۔



Leave a Reply