قائداعظم ٹرافی: کراچی بلوز اور سیالکوٹ کی جیت ، محمد ہریرہ کی تیسری سنچری
قائداعظم ٹرافی گولڈ کے دوسرے راؤنڈ میں دفاعی چیمپئن کراچی بلوز نے ملتان کو275 رنز سے شکست دے دی۔ سیالکوٹ نے فیصل آباد کو 5 وکٹوں سے ہرادیا۔
فاٹا اور پشاور کا میچ ڈرا ہوگیا ۔لاہور وائٹس اور اسلام آباد کے میچ کا بھی نتیجہ برآمد نہ ہوسکا۔ یہ دونوں میچز خراب روشنی کی وجہ سے متاثر ہوئے۔
ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں لاہور وائٹس نے اسلام آباد کے خلاف دوسری اننگز میں 7 وکٹوں پر 251 رنز بنائے تھے۔زین بن فاروق 103 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔طیب طاہر 70 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیشنل کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں فاٹا کو پشاور کے خلاف جیتنے کے لیے 333 رنز کا ہدف ملا تھا۔اس نے 5 وکٹوں پر 222 رنز بنائے تھے۔ محمد سرور 97 اور فواد ارشد 60 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں ملتان کو کراچی بلوز کے خلاف جیتنے کے لیے406 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن پوری ٹیم 130 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
محمد رضا نے 4 اور ابرار احمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل کراچی بلوز نے دوسری اننگز 5 وکٹوں کے نقصان پر 407 رنز بناکر ڈکلیئر کردی۔رمیز عزیز 170 اور سیف اللہ بنگش111 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہے۔
شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں سیالکوٹ کو فیصل آباد کے خلاف جیتنے کے لیے 187 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
محمد ہریرہ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 59 گیندوں پر 4 چھکوں اور 16 چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنائے۔یہ اس ٹورنامنٹ میں ان کی تیسری سنچری ہے۔
اس سے قبل فیصل آباد کی ٹیم دوسری اننگز میں 280 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
فہام الحق نے 58 اور عاصم علی ناصر نے51 رنزاسکور کیے۔حمزہ نذر اور اطہر محمود نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
قائداعظم ٹرافی کا تیسرا راؤنڈ اتوار 15 نومبر سے شروع ہوگا۔



Leave a Reply