پی ایس ایل 11 : لاہور قلندرز نے حیدرآباد کنگزمین کو 69 رنز سے ہرادیا
لاہور ۔ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کا آغاز پہلی بار حصہ لینے والی حیدرآباد کنگز مین کے خلاف 69 رنز کی جیت سے کیا۔
اس میچ کی خاص بات سکندر رضا کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی اور فخرزمان کی عمدہ نصف سنچری تھی۔فخرزمان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
لاہور قلندرز نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شائقین کے بغیر خاموش ماحول میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر199 رنز بنائے۔
جواب میں حیدرآباد کنگز مین 20 اوورز میں 130 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
قلندرز کی اننگز میں فخرزمان اور محمد نعیم نے اپنی عمدہ بیٹنگ کے سلسلے کو وہیں سے شروع کیا جہاں انہوں نے گزشتہ ایونٹ میں ختم کیا تھا۔ یاد رہے کہ فخرزمان نے گزشتہ پی ایس ایل میں 439 رنز بنائے تھے جبکہ محمد نعیم 314 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔
ان دونوں نے صرف 8 اعشاریہ 2 اوورز میں 84 رنز کا ُپراعتماد آغاز فراہم کرکے اپنی ٹیم کے لیے ایک بڑے اسکور کی بنیاد رکھ دی۔
محمد نعیم آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹر تھے جو ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 30 رنز بناکر حسان خان کی گیند پر رضوان محمود کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
فخرزمان نے 10 چوکوں کی مدد سے 53 رنز اسکور کیے ۔ یہ ان کی پی ایس ایل میں مجموعی طور پر 24 ویں نصف سنچری ہے۔
انہوں نے پی ایس ایل میں اپنے 3 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے ۔ وہ بابر اعظم کے بعد یہ سنگ میل عبور کرنے والے دوسرے بیٹر ہیں۔ ان کے رنز کی تعداد اب 3017 ہوگئی ہے ۔ بابراعظم کے 3792 رنز ہیں۔
فخرزمان کی وکٹ بھی حسان خان نے حاصل کی جس کے بعد عبداللہ شفیق 4 اور پرویز حسین ایمون 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو لاہور قلندرز کا اسکور 4 وکٹوں پر131 رنز تھا اس موقع پر حسیب اللہ اور سکندر رضا کے درمیان 45 رنز کی شراکت نے اسکور کو آگِے بڑھایا۔ حسیب اللہ ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 40 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ سکندر رضا نے 24 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ کپتان شاہین آفریدی لگاتار گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
حیدرآْباد کنگز کے کپتان مارنس لبوشین نے اپنے سمیت چھ بولرز آزمائے جن میں حسان خان اور رائلی میریڈتھ دو دو وکٹوں کے ساتھ کامیاب رہے۔
حیدرآباد کنگز نے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز شروع کی تو اسے پاور پلے میں ہی عثمان خان ( 9 ) اور صائم ایوب ( 17 ) کی وکٹوں سے محروم ہونا پڑا جو شاہین آفریدی اور عبید شاہ کی گیندوں پر آؤٹ ہوئے۔
حیدرآباد کنگزمین کی مشکلات بڑھتی چلی گئیں اور 65 کے مجموعی اسکور پر اس کی پانچ وکٹیں گرچکی تھیں۔ سب سے بڑا دھچکہ سکندر رضا نے پہنچایا جنہوں نے کوسال پریرا ( 1 ) اور کپتان مارنس لبوشین ( 26 ) کی اہم وکٹیں حاصل کرڈالیں۔ مستفیض الرحمن نے عرفان خان ( 4 ) کو آؤٹ کیا۔
اس صورتحال میں حیدرآباد کنگزمین کے لیے میچ میں واپس آنا ممکن نہ رہا اور آنے والے بیٹرز آسانی سے قلندرز کی بولنگ کے قابو میں آتے گئے۔
حارث رؤف ۔ عبید شاہ اور سکندر رضا دو دو وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے۔شاہین آفریدی اور مستفیض الرحمن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
پی ایس ایل کا دوسرا میچ جمعہ کو کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔



Leave a Reply