پاکستان کی ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کا آغاز ملتان سے ہوگا
پاکستان آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کا آغاز ملتان سے کر رہا ہے جہاں چار ٹیموں پر مشتمل نیشنل چیمپئنز کپ 11 سے 18 اگست تک کھیلا جائے گا۔ آٹھ روزہ ایونٹ میں مجموعی طور پر سات میچز ہوں گے اور ہر میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا۔
انگلینڈ میں ریڈ بال کرکٹ کی ذمہ داریوں کے باعث موجود 17 کھلاڑیوں کے علاوہ ملک کے بہترین 44 کرکٹرز جنوبی پنجاب کے دارالحکومت ملتان میں جمع ہیں۔ ان کا مقصد شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے 27-2026 کے سیزن میں ون ڈے کرکٹ کے لیے قومی ٹیم میں واپسی یا شمولیت کے امکانات پیدا کرنا اور پھر اکتوبر 2027 میں نمیبیا، جنوبی افریقہ اور زمبابوے میں ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ بنانا ہوگا۔
نیشنل چیمپئنز کپ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 27-2026 کا بھی آغاز ہوگا۔ پی سی بی نے اس سیزن میں نیشنل چیمپئنز کپ کے علاوہ صرف پریذیڈنٹ ون ڈے کپ کو دوسرے لسٹ اے ٹورنامنٹ کے طور پر شیڈول کیا ہے یوں پاکستان کی نمائندگی کے خواہش مند کرکٹرز کے پاس آئی سی سی کے سب سے بڑے 50 اوورز کے ایونٹ سے قبل اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے کے لیے صرف دو مواقع ہوں گے۔
44 کھلاڑیوں کو چار ٹیموں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ افتتاحی روز پاکستان گرینز اور پاکستان وائٹس آمنے سامنے ہوں گی جن کی قیادت بالترتیب شاداب خان اور صائم ایوب کریں گے۔ اگلے روز پاکستان گولڈ اور پاکستان بلیوز مدِمقابل ہوں گی جن کی کپتانی بالترتیب شاہین شاہ آفریدی اور صاحبزادہ فرحان کریں گے۔
44 کھلاڑیوں کو چار ٹیموں میں تقسیم کرنے کے علاوہ سلیکٹرز نے 12 کھلاڑیوں پر مشتمل ریزرو پول بھی تشکیل دیا ہے۔ ضرورت کے مطابق ان کھلاڑیوں کو ٹیموں میں شامل کیا جائے گا۔ بدقسمتی سے اس فیصلے کا مطلب یہ بھی ہے کہ ان کھلاڑیوں کے ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ بنانے کے امکانات تقریباً ختم ہو گئے ہیں البتہ 27-2026 کے سیزن میں کسی دوسرے فارمیٹ میں غیر معمولی کارکردگی یا کسی غیر متوقع صورتحال کی صورت میں ان کے لیے دروازہ کھل سکتا ہے۔
اگرچہ پی سی بی نے اگست میں، یعنی آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 سے 13 ماہ قبل ہونے والے نیشنل چیمپئنز کپ کا مقصد واضح طور پر بیان نہیں کیا تاہم یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ سلیکٹرز تقریباً 25 ایسے 50 اوورز کے کھلاڑیوں کا گروپ تشکیل دینا چاہتے ہیں جنہیں ورلڈ کپ سے قبل ون ڈے سیریز میں ضرورت کے مطابق آزمایا اور روٹیشن پالیسی کے تحت استعمال کیا جا سکے تاکہ عالمی کپ کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا سکے۔
27-2026 کے سیزن میں پاکستان کی ون ڈے کرکٹ کی تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئی ہیں تاہم اطلاعات کے مطابق پاکستان دو ون ڈے سہ ملکی سیریز کی میزبانی کرے گا، بنگلہ دیش میں اے سی سی ایشیا کپ 50 اوورز ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا اور انگلینڈ کا دورہ کرتے ہوئے پانچ ون ڈے میچز کھیلے گا۔
نیشنل چیمپئنز کپ 2024 میں فیصل آباد میں منعقد ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر ڈومیسٹک کرکٹ میں واپس آیا ہے۔ 26-2025 میں ریجنز کے لیے کوئی 50 اوورز کا ٹورنامنٹ منعقد نہیں ہوا تاہم پی سی بی نے آٹھ ڈپارٹمنٹس کی ٹیموں کے لیے پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا تھا۔ کراچی میں کھیلے گئے فائنل میں پی ٹی وی نے کے آر ایل کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی۔
ستمبر 2024 میں چیمپئنز ون ڈے کپ میں پانچ ٹیموں، اسٹالینز، ڈولفنز، پینتھرز، لائنز اور مارخورز نے شرکت کی تھی۔ ٹورنامنٹ سنگل لیگ بنیاد پر کھیلا گیا تھا۔ اس سال ٹیموں کے نام تبدیل کیے گئے ہیں، ایک ٹیم کم کر دی گئی ہے، تاہم مصباح الحق بدستور پاکستان گولڈ کے کوچ کی حیثیت سے وابستہ ہیں۔ وہ 2024 میں مارخورز کے مینٹور کی ذمہ داری بھی نبھا چکے ہیں۔
2024 میں اہم ریڈ بال کھلاڑیوں کو ناک آؤٹ مرحلے سے قبل واپس بلا لیا گیا تھا تاکہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری کر سکیں۔
دو سال قبل عثمان خان، جو اب پاکستان وائٹس کا حصہ ہیں، چھ میچز میں 272 رنز کے ساتھ ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر تھے۔ ان کے بعد کامران غلام نے چھ میچز میں 250 اور بابر اعظم نے پانچ میچز میں 230 رنز بنائے تھے۔
بولنگ میں پاکستان گرینز میں شامل محمد حسنین 17 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے تھے جبکہ جہانداد خان، زاہد محمود اور احمد دانیال نے 10، 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
بدقسمتی سے زاہد محمود اس بار ان 56 کرکٹرز میں جگہ نہیں بنا سکے جو رواں ہفتے ملتان میں موجود ہوں گے۔
اسکواڈز۔
پاکستان گرینز
شاداب خان (کپتان) فہیم اشرف، فخر زمان، فرحان یوسف، مہران ممتاز، محمد حسنین، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، عمیر بن یوسف، سعد بیگ (وکٹ کیپر) اور سمیر منہاس۔
ہیڈ کوچ اعجاز احمد جونیئر۔
پاکستان وائٹس
صائم ایوب (کپتان)، عاکف جاوید، علی رضا، حارث رؤف، حسن نواز، خوشدل شاہ، محسن ریاض، محمد وسیم جونیئر، سعد مسعود، شاہ زیب خان، عثمان خان (وکٹ کیپر) ۔
ہیڈ کوچ اقبال امام
پاکستان بلیوز
صاحبزادہ فرحان (کپتان) احمد دانیال، عرفات منہاس، حسن علی، حسین طلعت، جہانداد خان، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، شامل حسین، سفیان مقیم، تیمور خان (وکٹ کیپر) اور طیب طاہر۔
ہیڈ کوچ اعزاز چیمہ۔
پاکستان گولڈ
شاہین شاہ آفریدی (کپتان) عبدالصمد، عبدالسبحان، فیصل اکرم، حیدر علی، کامران غلام، معاذ صداقت، محمد نواز، محمد اخلاق (وکٹ کیپر)، محمد عمران، سعد خان۔
مصباح الحق ہیڈ کوچ۔
ریزرو پول
بیٹرز۔ محمد سلیمان، محمد فائق، محمد عرفان خان۔
آل راؤنڈرز۔ مبصر خان، دانش عزیز۔
فاسٹ بولرز ۔ ارشد اقبال، محمد سلمان، رضاللہ، ثاقب خان، محمد عامر خان، شاہنواز دھانی ۔
وکٹ کیپر ۔حسیب اللہ (وکٹ کیپر)
ٹورنامنٹ کا شیڈول۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم ۔تمام میچز سہ پہر 3 بجے شروع ہوں گے۔
11 اگست ۔پاکستان گرینز بمقابلہ پاکستان وائٹس
12اگست ۔ پاکستان بلیوز بمقابلہ پاکستان گولڈ
13اگست ۔پاکستان بلیوز بمقابلہ پاکستان وائٹس
14اگست ۔پاکستان گولڈ بمقابلہ پاکستان گرینز
15اگست پاکستان بلیوز بمقابلہ پاکستان گرینز
16اگست ۔پاکستان گولڈ بمقابلہ پاکستان وائٹس
) 18اگست ۔فائنل ( ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان



Leave a Reply