URDUپی ایس ایل 11 : بابراعظم کی سنچری، پشاور زلمی کا ریکارڈ اسکور

پی ایس ایل 11 : بابراعظم کی سنچری، پشاور زلمی کا ریکارڈ اسکور

راچی ۔ بابراعظم کی شاندار سنچری کی بدولت پشاور زلمی نے پی ایس ایل میں اپنا ریکارڈ اسکور بناتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 118 رنز سے شکست دیدی۔
اس ساتویں جیت کے بعد زلمی کے 15 پوائنٹس ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل کھیلے گئے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو11 رنز سے ہرادیا۔یہ ملتان سلطانز کی 5 ویں کامیابی ہے اور اب وہ 10 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔کراچی کنگز کو لگاتار چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
بابراعظم کی شاندار سنچری کی وجہ سے یاد رکھے جانے والے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر 255 رنز بنائے جو پی ایس ایل کی تاریخ میں زلمی کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔
جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 18 اعشاریہ ایک اوورز میں صرف 137 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پشاور زلمی نے محمد حارث ( 16 ) کی وکٹ جلد گنوائی لیکن اس کے بعد بابراعظم اور کوسال مینڈس کی جوڑی نے اس ٹورنامنٹ میں اپنی تیسری سنچری پارٹنرشپ قائم کرڈالی اس مرتبہ انہوں نے 135 رنز کا اضافہ کیا۔
بابراعظم کی یہ ٹی ٹوئنٹی میں مجموعی طور پر47 ویں سنچری پارٹنرشپ ہے جو وراٹ کوہلی کے برابر ہے۔کرس گیل 46 سنچری پارٹنرشپس میں شریک رہے ہیں۔
کوسال مینڈس نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے10 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے صرف 44 گیندوں پر 83 رنز اسکور کیے۔ اس ٹورنامنٹ میں ان کے مجموعی رنز کی تعداد 413 ہوگئی ہے۔
بابراعظم نے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور ٹی ٹوئنٹی میں اپنی12 ویں سنچری 52گیندوں پر اننگز کی آخری گیند پر مکمل کی جس میں6 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے ایرون ہارڈی کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 66 رنز کا اضافہ کیا ہارڈی نے 3 چھکوں کی مدد سے 29 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔فرحان یوسف نے 19 رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایک بڑے اسکور کے ہدف کے دباؤ سے نہ نکل سکی۔ کپتان سعود شکیل ( 12 ) اور رائلی روسو ( صفر ) کو محمد باسط نے لگاتار گیندوں پر آؤٹ کردیا۔ حسن نواز نے ہیٹ ٹرک روکی لیکن وہ 5 رنز بناکر علی رضا کی گیند پر محمد حارث کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
پاور پلے میں تین وکٹیں گرنے کے بعد گلیڈی ایٹرز کے لیے میچ میں واپس آنا ممکن نہ رہا۔شامل حسین نے ایک بار پھر غیرذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے21 رنز پر اپنی وکٹ گنوائی ۔دنیش چندی مل 19 رنز بناکر سفیان مقیم کی وکٹ بنے جبکہ ہارڈی نے ایک ہی اوور میں جہانداد خان ( 3 ) اورثاقب خان ( 4 ) کی وکٹیں حاصل کرڈالیں۔ محمد باسط نے اپنی تیسری وکٹ بیون جیکبس کو 3رنز پر افتخار احمد کے شاندار کیچ کے ذریعے حاصل کی۔
علی رضا نے دوسری کامیابی ابرار احمد کی وکٹ کی صورت میں حاصل کی اور پھر گلیڈی ایٹرز کی اننگز عثمان طارق کو آؤٹ کرکے ختم کردی۔
انہوں نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف 9 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔
محمد باسط نے 26 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جو ٹی ٹوئنٹی میں ان کی بہترین بولنگ بھی ہے۔
اس سے قبل پہلے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر207 رنز بنائے۔
جواب میں کراچی کنگز 19 اعشاریہ 4 اوورز میں 196 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
ملتان سلطانز کو دوسرے ہی اوور میں اسٹیو اسمتھ کا نقصان برداشت کرنا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے خوشدل شاہ کی گیند پر حسن علی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
پی ایس ایل میں پہلا میچ کھیلنے والے اویس ظفر اور جوش فلپ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 66 رنز کا اضافہ کیا۔ یہ شراکت خوشدل شاہ نے جوش فلپ کو 44 رنز پر بولڈ کرکے ختم کی۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 2چھکے شامل تھے۔
خوشدل شاہ نے اپنی تیسری کامیابی اویس ظفر کو36 رنز پر شاہد عزیز کے ہاتھوں کیچ کراکر حاصل کی۔
شان مسعود نے ایڈم زمپا کے اوور میں تین چوکوں کے ساتھ اپنی اننگز شروع کی اور چند خوبصورت اسٹروکس کھیلے تاہم وہ 25 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 46 رنز بناکر معین علی کی گیند پر سعد بیگ کے ہاتھوں اسٹمپڈ ہوگئے۔عمران رندھاوا کے 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے صرف 8 گیندوں پر 26 رنز ناٹ آؤٹ نے اسکور کو آگے بڑھایا۔عرفات منہاس 17نے اور محمد نواز نے12 رنز بنائے۔
خوشدل شاہ 35 رنز کے عوض3 وکٹیں حاصل کرکے سب سے کامیاب بولر رہے۔ معین علی نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔ حسن علی نے چار اوورز میں 51 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جس کے نتیجے میں وہ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ 136 وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بن گئے۔ شاہین آفریدی 135 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
کراچی کنگز کو جیسن روئے سے وابستہ امیدیں پوری نہ ہوسکیں اور وہ صرف 16 رنز بناکر عرفات منہاس کی گیند پر جوش فلپ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
عرفات منہاس نے دوسری کامیابی سلمان علی آغا کو2 رنز پر بولڈ کرکے حاصل کی اور جب سعد بیگ 21 رنز بناکر پیٹرسڈل کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو کراچی کنگز کا اسکور تین وکٹوں پر صرف47 رنز تھا۔
کپتان معین علی اور ریزا ہینڈرکس کے درمیان 67 رنز کی شراکت ہینڈرکس کے49 رنز پر عمران رندھاوا کی گیند پر اویس ظفر کے ہاتھوں کیچ ہونے پر ختم ہوئی اس اننگز میں پانچ چوکے اور دو چھکے شامل تھے ۔ اسوقت مجموعی اسکور چار وکٹوں پر 114 رنز تھا جو معین علی کے 27 رنز پر آؤٹ ہونے پر 5 وکٹوں پر 129 رنز ہوگیا۔
عباس آفریدی نے مومن قمر کو لگاتار دو چھکے لگائے لیکن اسی اوور میں خوشدل شاہ ( 4 ) کی وکٹ گرگئی ۔ اگلے ہی اوور میں عرفات منہاس نے شاہد عزیز کو صفر پر آؤٹ کرکے اپنی تیسری وکٹ حاصل کی وہ چوتھی وکٹ بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے اگر مومن قمر حسن علی کا کیچ ڈراپ نہ کرتے۔
عباس آفریدی 2 چھکوں اور 3چوکوں کی مدد سے 34 رنز بناکر پیٹر سڈل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے ۔اسی اوور میں عرفات منہاس نے حسن علی کا کیچ ڈراپ کردیا تاہم اوور کی پانچویں گیند پر ایڈم زمپا رن آؤٹ ہوگئے۔
کراچی کنگز کو آخری اوور میں جیت کے لیے 18 رنز درکار تھے لیکن صرف 6 رنز بن پائے اور حسن علی 23 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔
عرفات منہاس نے ٹی ٹوئنٹی میں بہترین بولنگ کرتے ہوئے 32 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں اس کارکردگی پر وہ پلیئر آف دی میچ بھی قرار پائے۔
پیر کو آرام کا دن ہے ۔ منگل کو دو میچز کھیلے جائیں گے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں لاہور قلندرز کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔ دوسرا میچ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ملتان سلطانز اور راولپنڈیز کے درمیان کھیلا جائے گا

The author

Lorem ipsum dolor sit amet, conse ctetuer adipiscing elit, sed diam nonum nibhie. Aenean sollici tudin, lorem auci elit consequat ipsutis sem niuis sed odio sit amet nibh vulputate cursus.

GET IN TOUCH WITH US

At Grassroots Cricket, we give paramount importance to feedback from our viewers. We value your opinions, and in case of suggestions or business inquiries, feel free to get in touch with us.