ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی: پاکستان نے زمبابوے کو51 رنز سے ہرادیا
پاکستان ویمنز ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی میں اپنے چوتھے اور آخری گروپ میچ میں زمبابوے ویمنز کو 51 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان ویمنز کی عالمی رینکنگ 8 ہے جبکہ زمبابوے کی رینکنگ 16 ہے۔
اس سے قبل پاکستان ویمنز نے بنگلہ دیش اور تھائی لینڈ کو شکست دی تھی جبکہ اسے نیدر لینڈز کےخلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پیر کو کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے ۔
زمبابوے کی ٹیم جواب میں 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر صرف 99 رنز بناسکی۔
پاکستان کی اننگز میں دونوں اوپنرز صدف شمس ( 7 ) اور شوال ذوالفقار ( 16 ) جلد آؤٹ ہوگئیں جس کے بعد کپتان منیبہ علی اور عائشہ ظفر نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 68 رنز کا اضافہ کیا۔
منیبہ علی 5 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئیں۔یہ ان کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 5 ویں نصف سنچری ہے ۔ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنے دو ہزار رنز بھی مکمل کیے۔
عائشہ ظفر نے 27گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 6چوکے شامل تھے۔
ایمان فاطمہ نے ایک چوکے کی مدد سے 16 رنز بنائے اور منیبہ علی کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 37 رنز کا اضافہ کیا۔
کرسٹین موتاسا نے30 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
زمبابوے کی اننگز کی ابتدا مایوس کن رہی ۔دوسری ہی گیند پر آف اسپنر ام ہانی نے بیلووڈ بیزا کو آؤٹ کردیا۔
لیفٹ آرم اسپنر نشرہ سندھو نے اپنے پہلے ہی اوور میں کیلس ( 14) اور میئرز (صفر) کی وکٹیں حاصل کرکے زمبابوے کی مشکلات میں اضافہ کردیا جس کے بعد اس کے لیے میچ میں واپس آنا ممکن نہ رہا۔انہوں نے اپنی تیسری وکٹ نیاشا کو 15 رنز پر آؤٹ کرکے حاصل کی۔
ٹاپ اسکورر چیپو ٹریپانو 31 رنز بناکر طوبی حسن کی گیند پر آؤٹ ہوئیں اور دوسری جانب مومنہ ریاست نے موتاسا اور ماوونگا کو لگاتار گیندوں پر آؤٹ کردیا۔
نشرہ سندھو نے3 اوورز میں صرف 8 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ان کی وکٹوں کی تعداد اب 98 ہوگئی ہے۔
مومنہ ریاست نے دو وکٹیں 20 رنز کے عوض حاصل کیں۔
تسمیہ رباب نے عمدہ فیلڈنگ کرتے ہوئے تین کیچز لیے۔
منیبہ علی نے پلیئر آف دی میچ ایوارڈ بھی حاصل کیا اور ساتھ ہی وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی طرف سے سب سے 51 زیادہ کیچز/ اسٹمپڈ کرنے والی وکٹ کیپر بھی بن گئیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بتول فاطمہ کا تھاجنہوں نے وکٹوں کے پیچھے 50 شکار کیے تھے۔



Leave a Reply