PSL 2019

قائد اعظم ٹرافی کا دوبارہ آغاز، بلے بازوں کا راج

قائد اعظم ٹرافی-راؤنڈ5،پہلا دن
قائد اعظم ٹرافی کا دوبارہ آغاز، بلے بازوں کا راج

نیشنل ٹی20کپ کے اختتام کے بعد قائد اعظم ٹرافی کے مقابلوں کا دوبارہ آغاز ہوچکا ہے اور پانچویں راؤنڈ کے پہلے دن تینوں سنٹرز پر بیٹسمینوں کی حکمرانی قائم ہوئی۔ کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم پر عمران فرحت اور عمران بٹ کی جوڑی نے تین ہندسوں کی اننگز کھیلی تو دوسری جانب سیالکوٹ میں نوجوان ذیشان ملک نے ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے میلہ لوٹ لیا جبکہ عمر امین بھی سینکڑہ لگانے میں کامیاب ہوئے۔

کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم پر براہ راست نشر ہونے والے میچ میں خیبرپختونخواہ کا ”نو ٹاس“ کاآپشن غلط ثابت ہوا اور عمران بٹ کیساتھ کپتان عمران فرحت کی جوڑی نے چوتھی وکٹ پر 277رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرتے ہوئے پہلا دن بلوچستان کے نام کردیا۔
بلوچستان بمقابلہ خیبرپختونخواہ
بگٹی اسٹیڈیم، کوئٹہ
بلوچستان: 341/3(90اوورز)عمران بٹ135*،عمران فرحت114*،اویس ضیاء69،عثمان شنواری1/39

سیالکوٹ میں روحیل نذیر نے بطور کپتان اپنے ڈیبیو پر بالکل درست فیصلہ کرتے ہوئے پہلے اپنے بیٹسمینوں کو آزمایا اور نوجوان اوپنر ذیشان ملک اور عمر امین نے اس فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے دوسری وکٹ پر 343رنز کی ناقابل شکست شراکت کا اہتمام کردیا۔ ذیشان ملک نے اپنے کیرئیر کی اولین ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے 204*رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عمر امین بھی 153*کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔
سدرن پنجاب بمقابلہ ناردرن
جناح اسٹیڈیم، سیالکوٹ
ناردن: 384/1(79اوورز)ذیشان ملک204*،عمر امین153*

فیصل آباد کی وکٹ نے بولرز کا ساتھ دیا جہاں سندھ کے کپتان سرفراز احمد نے ”نوٹاس“ کا آپشن درست طریقے سے استعمال کیا۔تابش خان نے ابتدا میں سلمان بٹ(16)اوراظہرعلی(1)کو آؤٹ کرکے اپنے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کیا جس کے بعد احمد شہزاد نے60رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کامران اکمل بدقسمت رہے جو محض دس رنز کی کمی سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے۔
سنٹرل پنجاب بمقابلہ سندھ
اقبال اسٹیڈیم، فیصل آباد
سنٹرل پنجاب: 263/7(85اوورز)کامران اکمل 90، احمد شہزاد60، عثمان صلاح الدین38،میر حمزہ2/46،تابش خان2/61

Share