PSL 2019

عماد بٹ کا چھکا بلوچستان کو فائنل میں پہنچانے کا سبب!

نیشنل ٹی20کپ:سیمی فائنلز
سدرن پنجاب کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست، پہلے سیمی فائنل میں ناردرن نے خیبرپختونخواہ کو آؤٹ کلاس کردیا

پہلے سیمی فائنل میں خیبرپختونخواہ کا ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کچھ غلط نہ تھا کیونکہ ناردرن کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 150کے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکی جس کا سبب عثمان شنواری کی فارم میں واپسی تھی۔علی عمران اور سہیل اختر کی واپسی نے اسکور17/2کردیا جس کے بعد عمر امین اور روحیل نذیر نے نصف سنچری شراکت ک اہتمام کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔عمر امین نے 33گیندوں پر 4چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43رنز کی اننگز کھیلی جبکہ روحیل نذیر نے دو چھکے لگاتے ہوئے 21رنز کیلئے اتنی ہی گیندوں کا سامنا کیا۔ آصف علی نے حسب معمول تیز اور مختصر اننگز کھیلتے ہوئے محض16بالز پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی آمیزش سے 28رنز بنا ڈالے جس نے ناردرن کو 148تک پہنچا دیا خیبرپختونخواہ کی جانب سے عثمان شنواری نے کپتان عماد وسیم اور شاداب خان (16)کی وکٹیں حاصل کرتے ہوئے 5/13کا تجزیہ حاصل کیا۔
بظاہر یہ ہدف اتنا مشکل نہ تھا لیکن حارث رؤف کی تیز گیندوں نے خیبرپختونخواہ کے بیٹسمینوں کیلئے مشکل کھڑی کردی۔سہیل تنویر نے پہلے اوور میں صاحبزادہ فرحان کو صفر کا تحفہ دیا جس کے بعد پانچویں اوور میں محمدعامر نے محمد رضوان(15)کو میدان بدر کردیا۔ فخرزمان اور افتخار احمد نے تیسری وکٹ پر 65رنز جوڑتے ہوئے اپنی ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن رکھا۔ 13ویں اوور میں عماد وسیم نے اس شراکت کو توڑتے ہوئے 31بالز پر چار چوکوں کی مدد سے 39رنز بنانے والے فخرزمان کو آؤٹ کرکے بریک تھرو دلوایا لیکن خوشدل شاہ کی آمد خیبرپختونخواہ کیلئے خوش کن ثابت ہوئی۔ افتخار اور خوشدل 17اوورز میں اپنی ٹیم کو 125تک لے آئے تھے اور سات وکٹوں کی موجودگی میں 18گیندوں پر 24رنز قطعاًمشکل نہ تھا لیکن حارث رؤف کے ارادے کچھ اور تھے۔ 18ویں اوور میں افتخاراحمد(53)نے 6چوکوں کی مدد سے اپنی ففٹی مکمل کی مگر اسی اوور میں سہیل تنویر نے خوشدل شاہ (22)کو آؤٹ کردیا۔محمد عامر کے اوور میں 8رنز بنے تو افتخار کی موجودگی میں آخری چھ گیندوں پر 8رنز درکار تھے مگر حارث نے پہلی ہی گیند پر افتخار کو آؤٹ کردیا اور پھر وائیڈ کے دو رنز کے بعد اگلی دو گیندوں پر مزید دو وکٹیں اپنے نام کرلیں۔ ڈاٹ بال کے بعد پانچویں گیند پر محمد محسن رن آؤٹ ہوا تو آخری گیند پر بننے والی سنگل نے ناردرن کی جیت کا اعلان کردیا۔
ناردرن بمقابلہ خیبرپختونخواہ
ٹاس: خیبرپختونخواہ
ناردرن: 148/9(20اوورز)
عمر امین43،آصف علی28،روحیل نذیر21،عثمان شنواری 5/13
خیبرپختونخواہ: 145/8(20اوورز)
افتخاراحمد53،فخرزمان39،خوشدل شاہ22،حارث رؤف3/26،سہیل تنویر2/24
نتیجہ: ناردرن نے 3رنز سے کامیابی حاصل کی
مین آف دی میچ: حارث رؤف(ناردرن)

دوسرے سیمی فائنل کا اختتام دل کی دھڑکنیں روکنے کیلئے کافی تھا جب عماد بٹ نے محمد حفیظ اور شعیب ملک کی نصف سنچریوں کو دھندلاتے ہوئے میچ کی آخری گیند پر چھکا لگاتے ہوئے بلوچستان کو فائنل میں پہنچا دیا۔
عمر صدیق (6)کا نقصان اُٹھانے کے بعد محمد حفیظ نے ایونٹ میں تیسرے صفر کی ہزیمیت سے بچتے ہوئے جارح مزاجی سے اپنی اننگز کا آغاز کیا اور کپتان شان مسعود(10)کیساتھ دوسری وکٹ پر 45رنز کی شراکت کا اہتمام کردیا۔حفیظ کو شعیب ملک کا ساتھ ملا تو بلوچستان کیلئے مشکلات بڑھ گئیں۔دونوں سینئر بلے بازوں نے نو اوورز تک بیٹنگ کرتے ہوئے 72رنز جوڑے اور پھر آخری پانچ اوورز میں 43رنز کا اضافہ سدرن پنجاب کو 173تک پہنچانے کا سبب بن گیا۔ محمد حفیظ نے 41گیندوں پر 9چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے 65رنز کی گراں قدر کی اننگز کھیلی جبکہ شعیب ملک کی64رنز کی اننگز محض40گیندوں کی محتاج تھی جس میں 6چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ایونٹ میں پہلا میچ کھیلنے والے فاسٹ بولر علی شفیق نے 31رنز کے بدلے دو وکٹیں حاصل کیں۔
بولنگ میں سدرن پنجاب کا آغاز عمدہ تھا جب محمد عرفان نے امام الحق(10)اور عامر یامین نے بسم اللہ خان(11)کو رخصت کرتے ہوئے اسکور 22/2کردیا۔عمران فرحت نے ان فارم اویس ضیاء کیساتھ تیسری وکٹ پر 55رنز کی رفاقت قائم کی۔نویں اوور کی آخری گیند پر محمد حفیظ نے عمران فرحت(20)کو اسٹمپڈ کروایا اور پھر چار گیندوں بعد زاہد محمود نے 26گیندوں پر تین چوکے اور چھکا لگانے والے اویس ضیاء(31)کی قیمتی وکٹ اپنی ٹیم کو دلوادی۔17ویں اوور میں کپتان حارث سہیل 22رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے تو 19ویں اوور کی تیسری گیند پر وہاب ریاض نے حسین طلعت کی اہم وکٹ حاصل کی جنہوں نے 29بالز پر 7چوکے لگاتے ہوئے 42رنز کی اہم اننگز کھیلی۔میچ کی آخری گیند پر عمر گل اور عماد بٹ کی جوڑی کو 18رنز کا مشکل درکار تھا لیکن عماد بٹ نے عمید آصف کی پہلی گیند پر چوکا لگا کر اچھا آغاز کیا اور پھر ایک وائیڈ گیند کے بعد اگلی گیند پر پھر چوکا جڑ دیا۔تیسری گیند ڈاٹ رہی اور پھر چوتھی گیند پر عماد بٹ نے ایک زوردار چھکا رسید کردیا۔پانچویں گیند پر وہاب ریاض نے عمر گل کو رن آؤٹ کیا تو آخری گیند پر درکار دو رنز،عماد بٹ نے ایک فلک شگاف چھکے کی بدولت حاصل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ناقابل یقین انداز میں فائنل میں پہنچا دیا۔
بلوچستان بمقابلہ سدرن پنجاب
ٹاس: بلوچستان
سدرن پنجاب: 173/5(20اوورز)
محمد حفیظ65،شعیب ملک64،علی شفیق2/31
بلوچستان: 178/7(20اوورز)
حسین طلعت42،اویس ضیاء31،عماد بٹ29*،وہاب ریاض2/36
نتیجہ: بلوچستان نے 3وکٹوں سے کامیابی حاصل کی
مین آف دی میچ: عماد بٹ(بلوچستان)

Share