PSL 2019

بلوچستان آؤٹ کلاس، ناردرن بن گئی چمپئن!!

نیشنل ٹی20کپ: فائنل
عمر امین کی برق رفتار ففٹی کے بعدسہیل تنویر اور شاداب خان نے پانچ وکٹیں بانٹ لیں

عماد وسیم کی کپتانی میں ناردرن کی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں بھی بلوچستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد زیر کرتے ہوئے ٹائٹل پر اپنا قبضہ جمالیا۔
بڑے مقابلے میں بلوچستان نے سیمی فائنل کی طرح پہلے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا مگر ناردرن کے اوپنرز عمر امین اور علی عمران نے اپنی ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کردیا۔عمر امین کی برق رفتار بیٹنگ نے پانچویں اوور کے اختتام پر اسکور39تک پہنچا دیا۔چھٹے اوور میں یاسر شاہ کی آمد نے بلوچستان کو پہلی کامیابی دلوائی جب چھکا لگانے کے بعد علی عمران(16)عمران فرحت کو کیچ دے بیٹھے۔پاورپلے کا اختتام 48/1پر ہوا جس کے بعدعمر امین نے محض38گیندوں پر6چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے 60رنز کی جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے رنز کی رفتار میں بجلی کی تیزی سے اضافہ کیا مگر 95 کے مجموعی اسکور پر عمر امین کے آؤٹ ہونے کے بعد سہیل اختر(14)اورآصف علی(10)بلوچستان کیلئے خطرہ نہ بن سکے اور 14اوورز میں اسکور 108/4تک ہی پہنچ سکا۔ عماد وسیم کو عماد بٹ نے پہلی ہی گیند پر صفر کا تحفہ دیا تو محمد نواز نے 25گیندوں پر31*اور شاداب خان نے 15بالز پر 25*رنز بناتے ہوئے نا صرف 58رنز کی قیمتی شراکت قائم کی بلکہ اپنی ٹیم کو 167تک بھی پہنچا دیا۔بلوچستان کی جانب سے عماد بٹ اور حسین طلعت نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
فائنل میں سہیل تنویر کا تجربہ ناردرن کے کام آگیا جنہوں نے پہلے امام الحق(9)کو پویلین کی راہ دکھائی اور پھر پہلی ہی گیند پر بسم اللہ خان(صفر) کو بولڈ کرکے بلوچستان کی ٹیم کو منہ کے بل گرادیا۔اویس ضیاء اور عمران فرحت کے تجربے نے بلوچستان کو مشکلات سے نکالنے کی کوشش کی اور تیسری وکٹ پر 44رنز کی شراکت قائم کردی۔27گیندوں پر5چوکوں کی مدد سے 28رنز بنانے والے اویس ضیاء کو عماد وسیم نے اپنی ہی گیند پر کیچ کرکے ناردرن کو تیسری وکٹ دلوائی اور پھر شاداب خان نے کپتان حارث سہیل(5)کو اسٹمپڈ کرواتے ہوئے اہم وکٹ حاصل کی۔عمران فرحت (32)کی پانچ چوکوں سمیت 26گیندوں کی مزاحمت کو شاداب خان نے ختم کیا جس کے بعد 82/5کے اسکور سے بلوچستان کی ٹیم 19ویں اوور میں 115پر ڈھیر ہوگئی۔ سہیل تنویر تین وکٹوں کیساتھ کامیاب ترین بولر رہے جبکہ شاداب خان اور محمد نواز نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
ناردرن بمقابلہ بلوچستان(فائنل)
ٹاس: بلوچستان
ناردرن: 167/5(20اوورز)
عمر امین60،محمد نواز31*،شاداب خان25*،عماد بٹ2/19،حسین طلعت2/25
بلوچستان: 115(18.2اوورز)
عمران فرحت32،اویس ضیاء28،سہیل تنویر3/27،محمد نواز2/10،شاداب خان2/23
نتیجہ: ناردرن نے 52رنز سے کامیابی حاصل کی
مین آف دی میچ: عمر امین(ناردرن)

Share