PSL 2019

”کپتان“کی ٹیم ٹورنامنٹ سے آؤٹ!!

نیشنل ٹی20کپ:دسواں دن
خیبرپختونخواہ نے سنٹرل پنجاب کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی، ناردرن پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آگے

فخر زمان اور خوشدل شاہ کی عمدہ باریوں نے بابر اعظم کے 83رنز کو دھندلاتے ہوئے اہم ترین میچ میں خیبرپختونخواہ کو فتح دلواتے ہوئے سیمی فائنل میں پہنچا دیا جبکہ قومی ٹی20ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی ٹیم سنٹرل پنجاب کی ٹیم کو پوائنٹس ٹیبل کی آخری پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا۔
ٹاس ہارنے کے بعد بابر اعظم نے 56گیندوں پر 5چوکے اور 4چھکے لگاتے ہوئے 83رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ عمر اکمل نے قومی ٹیم سے باہر ہونے کے بعد محض 37بالز پر دو چوکوں اور چار چھکوں کی آمیزش سے 53*رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر سنٹرل پنجاب کو تین وکٹو ں کے نقصان پر 177رنز کا مجموعہ دلوادیا۔
جواب میں صاحبزادہ فرحان(17)اور فخرزمان نے پاور وپلے کے اختتام سے پہلے 45رنز کا آغاز فراہم کردیا اور پھر وقفوں وقفوں سے کپتان محمد رضوان(2)اور افتخار احمد (19)کی وکٹیں گنوانے کے بعد فخر کو خوشدل شاہ کا ساتھ ملا تو بائیں ہاتھ کے دونوں بلے بازوں نے 72*رنز کی شراکت کا اہتمام کرتے ہوئے 20ویں اوور کی چوتھی گیند پر خیبرپختونخواہ کو کامیابی سے ہمکنار کروادیا۔فخر زمان نے 54گیندوں پر 7چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 82*رنز کی اننگز کھیل کر اپنی فارم بحال کی لیکن مردمیدان کا اعزاز خوشدل شاہ کے حصے میں آیا جنہوں نے صرف26بالز کا سامنا کرتے ہوئے تین چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 46*رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔

  • سنٹرل پنجاب بمقابلہ خیبرپختونخواہ
    ٹاس: خیبرپختونخواہ
    سنٹرل پنجاب: 177/3(20اوورز)
    بابر اعظم83،عمر اکمل53*،عرفان اللہ شاہ1/22
    خیبرپختونخواہ: 182/3(19.4اوورز)
    فخرزمان82*،خوشدل شاہ46*،افتخار احمد19
    نتیجہ: خیبرپختونخواہ نے 7وکٹوں سے کامیابی حاصل کی
    مین آف دی میچ: خوشدل شاہ(خیبرپختونخواہ)

پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے کی جنگ ناردرن نے جیت لی جس کا سبب نوجوان آل راؤنڈر علی عمران تھا جس نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے 65رنز کی اننگز کھیلی اور ایک اور نوجوان روحیل نذیر نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے ناردرن کی جیت میں اپنا کردار نبھایا۔
عماد وسیم نے ٹاس جیت کر بلوچستان کو بیٹنگ کودعوت دی تو کپتان امام الحق(15)اور اویس ضیاء نے صرف تیسرے اوور تک 24رنز کا آغازفراہم کردیا۔سہیل تنویر نے پہلی وکٹ دلوائی اور پھر محمد عامر نے بسم اللہ خان (1)کو پویلین روانہ کرکے اسکور 25/2کردیا۔ شاداب خان نے 23 بالز پر 5چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 31رنز بنانے والے اویس ضیاء کو میدان بدر کرنے کے بعد عمران بٹ اور تیمورخان کو چلتا کرتے ہوئے اسکور 71/5کردیا۔حسین طلعت نے اس موقع پر ایک اینڈ سنبھالتے ہوئے 51گیندوں پر 9چوکے اور دو چھکے لگاتے ہوئے 77رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر بلوچستان کو 155تک پہنچنے میں مدد دی۔شاداب خان نے 4/26کی کارکردگی کیساتھ اپنی فارم بحال کی جبکہ سہیل تنویر اور محمد عامر نے بھی اپنے کھاتے میں دو وکٹیں درج کروائیں۔
عمر امین کو عاکف جاوید نے صفر کا تحفہ دیتے ہوئے سنسنی پھیلائی اور عمر گل نے سہیل اختر(8)کو پویلین کا راستہ دکھاتے ہوئے دو اوورز میں اسکور 18 کردیا۔ اس موقع پر علی عمران نے اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالا اور وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کیساتھ 105رنز کی قیمتی شراکت قائم کردی۔ علی عمران نے رن آؤٹ ہونے سے پہلے37گیندوں پر 8چوکوں اور 2چھکوں کی آمیزش سے 65رنز کی دلکش کھیل ڈالی جو جیت کا سبب بن گئی اور نقیہ ماندہ کام آصف علی(17*)نے روحیل نذیر(56*)کے ساتھ پورا کیا جس کی 46گیندوں پر مشتمل اننگز میں 4چوکے اور3چھکے شامل تھے۔
ناردرن بمقابلہ بلوچستان
ٹاس: ناردرن
بلوچستان: 155/8(20اوورز)
حسین طلعت77*،اویس ضیاء31،شاداب خان4/26،محمد عامر2/37،سہیل تنویر2/39
ناردرن: 156/3(17اوورز)
علی عمران65،روحیل نذیر56*،عمر گل1/17،عاکف جاوید1/33
نتیجہ: ناردرن نے 7وکٹوں سے کامیابی حاصل کی
مین آف دی میچ: علی عمران(ناردرن)

Share